باکسنگ

سٹی ٹاؤن پشاور میں رضا باکسنگ اینڈ فٹنس کلب کا افتتاح ہوگیا

سٹی ٹاؤن پشاور میں رضا باکسنگ اینڈ فٹنس کلب کا افتتاح کردیاگیا،

یقیناً یہ نوجوانوں کو منفی سرگرمیوں سے دور رکھنے کا مثبت قدم یے

حکومت اور اہل علاقے کواس نیک مقصد کے حصول کیلئےرضاخان کاساتھ دیناچاہیئے،

افتتاح کے موقع پر مقررین کاخطاب

پشاور ( سپورٹس لنک رپورٹ) سٹی ٹاؤن پشاور میں رضا باکسنگ اینڈ فٹنس کلب کا افتتاح ہوگیا، جو نہ صرف نوجوانوں کو منفی سرگرمیوں سے دور رکھنے بلکہ انہیں ایک صحت مند اور منظم طرزِ زندگی کی طرف راغب کرنے کی ایک اہم کاوش ہے۔ افتتاحی تقریب میں باکسنگ اور مارشل آرٹس سے وابستہ کھلاڑیوں، کوچز اور کھیلوں سے دلچسپی رکھنے والے نوجوانوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔

اس تقریب کے موقع پرباقاعدہ دیتہ کاٹ کر افتتاح کیاگیا، جبکہ باکسنگ، کراٹے، جیو جِتسو اور دیگر مارشل آرٹس کی مہارتوں کا عملی مظاہرہ کیا گیا۔ اس موقع پر نوجوان باکسر اور کوچ رضا خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج کی نوجوان نسل تیزی سے غیر صحت مند سرگرمیوں اور بے راہ روی کا شکار ہورہی ہے۔

ایسے حالات میں اسپورٹس، خصوصاً باکسنگ اور مارشل آرٹس، نوجوانوں کے لیے بہترین متبادل ہیں جو نہ صرف جسمانی مضبوطی بلکہ نظم و ضبط، خود اعتمادی اور اخلاقی تربیت بھی فراہم کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سٹی ٹاؤن جیسی گنجان آبادی والے علاقے میں فٹنس اور باکسنگ کلب کا قیام اس لیے ضروری تھا تاکہ نوجوانوں کو ایک مثبت اور محفوظ ماحول میسر ہوں،اور وہ یہاں اپنی توانائی کو کھیلوں کے ذریعے مفید انداز میں استعمال کرسکیں۔ رضا خان کے مطابق ان کا مقصد صرف ایک جم یا کلب کھولنا نہیں بلکہ ایک ایسی تربیتی جگہ فراہم کرنا ہے جہاں نوجوان اپنی زندگی کا رخ بہتر سمت میں موڑ سکیں۔

مارشل آرٹس سے وابستہ شخصیات نے بھی اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ باکسنگ، کراٹے، تائیکوانڈو نوجوانوں کو نہ صرف جسمانی طور پر مضبوط بناتے ہیں بلکہ ان میں صبر، برداشت اور احترام کا جذبہ بھی پیدا کرتے ہیں، جو معاشرے کے لیے انتہائی مثبت اثرات کے حامل ہیں۔

افتتاحی تقریب کے شرکاء نے امید ظاہر کی کہ رضا باکسنگ اینڈ فٹنس کلب جیسے ادارے پشاور اور خیبر پختونخوا کے نوجوانوں کو کھیلوں کے میدانوں کی طرف واپس لانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!