سری لنکا کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز، صاحبزادہ فرحان کو کپتان بنائے جانے پر غور
ایشین گیمز میں پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی قیادت کرنے والے اوپننگ بیٹر صاحبزادہ فرحان کو سری لنکا کے خلاف ہوم سیریز میں بھی کپتان برقرار رکھنے کی تجویز سامنے آگئی۔
سری لنکا کے خلاف ہوم ٹی ٹوئنٹی سیریز سے قبل قومی ٹیم کی قیادت میں تبدیلی کا امکان پیدا ہوگیا ہے۔ سلمان علی آغا کو سیریز میں آرام دینے پر غور کیا جارہا ہے جبکہ ایشین گیمز میں قومی ٹیم کی قیادت کرنے والے صاحبزادہ فرحان کو سری لنکا کے خلاف بھی کپتان برقرار رکھنے کی تجویز زیر غور ہے۔
سری لنکا کے خلاف تین میچز پر مشتمل ہوم ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے قومی ٹیم کی قیادت میں تبدیلی کا امکان ہے ۔ ذرائع کے مطابق صاحبزادہ فرحان پہلے ہی ایشین گیمز کے لیے قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان مقرر کیے جاچکے ہیں،
جس کے باعث سری لنکا کے خلاف سیریز میں بھی انہیں قائدانہ ذمہ داری دینے پر غور کیا جارہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن بھی ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں صاحبزادہ فرحان کو کپتان بنانے کے حق میں ہیں۔ اس فیصلے کے ذریعے ان کی قیادت کی صلاحیتوں کو مزید جانچنے کے ساتھ نوجوان کھلاڑیوں کو بھی بین الاقوامی سطح پر مواقع دینے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔
پی سی بی ذرائع کے مطابق سری لنکا کے خلاف سیریز میں نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دینے کا امکان ہے جبکہ 2028 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کو مدنظر رکھتے ہوئے مستقبل کے لیے باصلاحیت کھلاڑیوں کا مضبوط پول تیار کرنے پر بھی کام کیا جارہا ہے۔
ذرائع کے مطابق فخر زمان، شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف کی سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں واپسی کا امکان نہیں۔پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز 9، 11 اور 13 اکتوبر کو راولپنڈی میں شیڈول ہے،
جہاں قومی ٹیم نئے کھلاڑیوں اور ممکنہ طور پر نئے کپتان کے ساتھ میدان میں اتر سکتی ہے۔سری لنکا سیریز کو قومی ٹیم کے مستقبل کے کھلاڑیوں اور قیادت کے متبادل آپشنز آزمانے کے موقع کے طور پر دیکھا جارہا ہے، تاہم حتمی اسکواڈ اور کپتان کا فیصلہ پی سی بی کی جانب سے کیا جائے گا۔









