جوہانسبرگ،کرکٹ سائوتھ افریقہ کی سلیکشن کمیٹی نے آئندہ ماہ بھارت کے خلاف شیڈول ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کے ابتدائی تین میچز کیلئے سکواڈ کا اعلان کر دیا، لونگی نگیڈی اور خایا زونڈو پہلی بار ایک روزہ ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے، مورنے مورکل اور کرس مورس کی بھی دوبارہ ٹیم میں واپسی ہوئی ہے، دونوں فاسٹ بائولرز انجری مسائل کے باعث بنگلہ دیش کے خلاف سیریز نہیں کھیل سکے تھے، حیران کن طور پر فرحان بہاردین کو ڈراپ کر دیا گیا جبکہ تبریز شمسی کو دوسرے سپنر کے طور پر عمران طاہر کا پارٹنر رکھا گیا ہے، جنوبی افریقہ اور بھارت کے درمیان و نڈے سیریز کا آغاز یکم فروری سے ہو گا۔ اعلان کردہ سکواڈ کپتان فاف ڈوپلیسی، ہاشم آملہ، کوئنٹن ڈی کوک، اے بی ڈی ویلیئرز، جے پی ڈومینی، عمران طاہر، ایڈن مرکرم، ڈیوڈ ملر، مورنے مورکل، کرس مورس، لونگی سانی نگیڈی، اینڈائل پہلک وایو، کاگیسوربادا، تبریز شمسی اور خیلائیک زونڈو پر مشتمل ہے۔
Tag: بھارت
-

انڈر19ورلڈ کپ،افغانستان کیویز کو ہرا کر سیمی فائنل میں داخل

آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ میں افغانستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم نیوزی لینڈ کو ہراکرسیمی فائنل میں پہنچ گئی ۔
کرائسٹ چرچ میں کھیلے گئے تیسرے کوارٹر فائنل میں افغانستان نے میزبان نیوزی لینڈ کو 202 رنز سے شکست دی۔
ہیگلے اوول کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے کوارٹر فائنل میچ میں افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں پر 309 رنز بنائے ۔

رحمت اللہ گورباز ، ابراہیم زردان اور بہیر شاہ نصف سنچری بنا کر نمایاں رہے،جبکہ عظمت اللہ عمرزئی نے دھواں دار بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 23 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 66 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے سندیپ پٹیل دو وکٹوں لے کر نمایاں بولر رہے۔
ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم 29 ویں اوور میں 107 رنز پر آوٹ ہو گئی، کے ڈی کلارک 38 رنز بنا کر نمایا رہے۔

افغانستان کی جانب سے مجیب اور قیس احمد نے کیوی انڈر 19 ٹیم کے 4،4 شکار کیے۔
افغانستان کا سیمی فائنل میں آسٹریلیا سے مقابلہ ہو گا جبکہ پاکستان پہلے ہی سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرچکا ہے، جہاں اس کا مقابلہ بھارت یا بنگلہ دیش سے ہوگا۔
-

تیسرا ٹیسٹ،بھارتی بیٹنگ لائن تباہ،187پر تمام ٹیم ڈھیر

جوہانسبرگ(سپورٹس لنک رپورٹ)جنوبی افریقہ کے مضبوط فاسٹ باؤلنگ اٹیک کے سامنے بھارت کے بلے بازوں نے ایک مرتبہ پھر گھٹنے ٹیک دیئے، بھارتی ٹیم تیسرے اور آخری کرکٹ ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں 187 رنز پر ڈھیر ہو گئی، کپتان ویرات کوہلی اور چیتشور پوجارا کے سوا کوئی بھی کھلاڑی زیادہ دیر تک پروٹیز باؤلرز کے وار سے خود کو نہ بچا سکا، کوہلی اور پوجارا نے نصف سنچریاں سکور کر کے ٹیم کو مکمل تباہی سے بچایا، کوہلی 54 اور پوجارا 50 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ 7 کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکے، کاگیسوربادا نے 3، مورنے مورکل، ورنن فلینڈر اور پہلک وایو نے 2، 2 وکٹیں لیں، جواب میں جنوبی افریقہ نے پہلے روز کھیل ختم ہونے تک پہلی اننگز میں ایک وکٹ پر 6 رنز بنا لئے تھے اور اسے بھارت کی پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے کیلئے مزید 181 رنز کی ضرورت ہے۔ بدھ کو جوہانسبرگ میں شروع ہونے والے آخری ٹیسٹ میچ میں بھارتی قائد ویرات کوہلی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو پوری ٹیم پہلی اننگز میں 187 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، بھارتی ٹیم کی اننگز کا آغاز مایوس کن رہا اور 13 کے سکور پر اس کے دونوں اوپنرز لوکیش راہول صفر اور مرلی وجے 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے

اس موقع پر کپتان کوہلی نے پوجارا کے ساتھ مل کر تیسری وکٹ میں 84 اہم رنز جوڑ کر ٹیم کو سہارا دینے کی کوشش کی تاہم 97 کے سکور پر مہمان ٹیم کو اس وقت بڑا دھچکا لگا جب کپتان 54 رنز بنانے کے بعد نگیڈی کی گیند پر وکٹ گنوا بیٹھے، ان کے آؤٹ ہونے کے بعد بھارتی ٹیم دوبارہ لڑکھڑا گئی اور کوئی بھی کھلاڑی زیادہ دیر تک وکٹ پر کھڑا نہ ہو سکا، راہانے 9 رنز بنا کر مورکل کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے، چیتشور پوجارا بھی ففٹی مکمل کرنے کے بعد پہلک وایو کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے، پارتھو پٹیل 2 رنز بنا کر چلتے بنے، ہرڈک پانڈیا بھی رنز کا کھاتہ کھولے بغیر پویلین لوٹے، انہیں پہلک وایو نے آؤٹ کیا، بھنشور کمار 30 محمد شامی 8 اور ایشانت شرما بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے، ربادا نے 3 جبکہ مورکل، فلینڈر اور پہلک وایو نے 2، 2 اور نگیڈی نے ایک وکٹ حاصل کی، جواب میں جنوبی افریقہ نے پہلے روز کھیل ختم ہونے تک ایک وکٹ پر 6 رنز بنا لئے تھے اور اسے مہمان ٹیم کی پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے کیلئے مزید 181 رنز کی ضرورت ہے، ایڈن مرکرم 2 رنز بنا کر بھنشور کمار کی گیند کا نشانہ بنے، ڈین ایلگر 4 رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں جبکہ ربادا نے 10 گیندیں کھیلنے کے باوجود رنز کا کھاتہ نہ کھولا، کمار نے ایک وکٹ لی۔

-

جنوبی افریقہ اور بھارت تیسرے ٹیسٹ کیلئے 24جنوری کو مدمقابل
جنوبی افریقہ اور بھارت کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 24 جنوری سے جوہانسبرگ میں شروع ہو گا۔ شیڈول کے مطابق ٹیسٹ سیریز کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان چھ ون ڈے اور تین ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی۔یاد رہے کہ جنوبی افریقہ کو سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے، جنوبی افریقہ نے بھارتی سورمائوں کو پہلے ٹیسٹ میں 72 رنز جبکہ دوسرے ٹیسٹ میں 135 رنز سے شکست دے کر سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کر رکھی ہے ۔
-

انڈر 19 ورلڈ کپ،پاکستان کو کوارٹر فائنل میں جنوبی افریقہ کا چیلنج درپیش

آئی سی سی انڈر19 ورلڈ کپ کا کوارٹر فائنل مرحلہ آج سے شروع ہوگا۔ جہاں24 جنوری کو قومی ٹیم کو جنوبی افریقہ کا چیلنج درپیش ہوگا ۔ تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ میں جاری میگا ایونٹ تیزی سے اختتام کی جانب گامزن ہے اور ٹاپ آٹھ ٹیمیں جن میں پاکستان، جنوبی افریقہ، بھارت، بنگلہ دیش، افغانستان، آسٹریلیا ،نیوزی لینڈ اور انگلینڈ شامل ہیں آج سے سیمی فائنل میں رسائی کی جنگ لڑیں گی ۔ پاکستان، نیوزی لینڈ، بھارت اور انگلینڈ کی ٹیمیں اپنے اپنے گروپس میں سرفہرست رہیں ۔ آج پہلے کوارٹر فائنل میچ میں آسٹریلیا کا مقابلہ انگلینڈ سے ہوگا۔ دوسرا کوارٹر فائنل کل پاکستان اور جنوبی افریقہ، تیسرا کوارٹر فائنل 25 جنوری کو نیوزی لینڈ اور افغانستان جبکہ چوتھا اور آخری کوارٹر فائنل 26 جنوری کو بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلا جائے گا۔ سیمی فائنلز 29 اور 30 جنوری جبکہ دو ٹاپ ٹیموں کے درمیان فائنل 3 فروری کو کھیلا جائے گا۔یاد رہے کہ پاکستانی ٹیم نے میگا ایونٹ سے پہلے آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کیخلاف ون ڈے سیریز میں کامیابی حاصل کی لیکن ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ میں اسے افغانستان کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ ویسٹ انڈیز اور سری لنکا کیخلاف اس نے کامیابی سمیٹی ۔
-

بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ،بھارت نے فائنل میں پاکستان کو شکست دیدی
دبئی: بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ کے فائنل میں بھارت نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2 وکٹوں سے شکست دے دی۔
شارجہ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے بلائنڈ کرکٹ ورلڈکپ کے فائنل میں بھارت نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بلے بازی کی دعوت دی۔
پاکستان ٹیم نے مقررہ 40 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 308 رنز بنائے جس میں بدر منیر57، ریاست خان 48 اور نثار علی 47 رنز بناکر نمایاں رہے۔
309 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارت کی ٹیم نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان ٹیم کو شکست دی۔
بھارتی ٹیم نے مطلوبہ ہدف 8 وکٹوں کے نقصان پر 38 ویں اوورز میں پورا کیا۔ بھارت کی جانب سے سنیل رمیش 93 اور اجے ریڈی نے 62 رنز بناکر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔
اس جیت کے بعد پاکستان اور بھارت دو دو مرتبہ ورلڈ کپ کا ٹائٹل اپنے نام کرچکے ہیں جب کہ جنوبی افریقا ایک بار ورلڈ کپ جیت چکا ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان نے سیمی فائنل میں سری لنکا کو 156 رنز سے شکست دے فائنل تک رسائی حاصل کی تھی جب کہ بھارت نے بنگلہ دیش کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی۔
واضح رہے کہ اسے سے قبل بھی بھارت کی نابینا ٹیم نے 13 جنوری کو گروپ میچ میں 7 وکٹوں سے پاکستان کو شکست دی تھی۔
پاکستان کی نابینا کرکٹ کونسل نے بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ فائنل کے لئے آئی سی سی کے سی ای او ڈیوڈ رچرڈسن، سابق پاکستانی کپتان ظہیر عباس اور بھارت کے سابق وکٹ کیپر سید کرمانی کو مدعو کیا تھا۔
-

بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ،فائنل کل پاکستان اور بھارت کے درمیان ہوگا
پانچویں عالمی ایک روزہ بلائنڈ کرکٹ کپ کافائنل پاکستان اور بھارتی کرکٹ ٹیموں کے درمیان ہفتہ کو شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیموں کے کھلاڑی بھر پور فارم میں ہیں اور دونوں ممالک کے کپتان جیت کے دعوے کر رہے ہیں۔ قومی بلائنڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان نثار علی نے کہا ہے کہ پاکستان عالمی بلائنڈ کرکٹ کپ کا ٹائٹل جیتنے کیلئے پر امید ہے کیونکہ ہمارے کھلاڑی بھرپور فارم میں ہے جن میں بھارتی ٹیم کو ہرانے کی صلاحیت موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے خلاف لیگ میچ میں قومی ٹیم کے اہم کھلاڑی شامل نہیں تھے جس کی وجہ سے ہمیں شکشت کا سامنا پڑا تاہم اب ہمارے ٹیم کے اہم کھلاڑی پہنچ چکے ہیں اور ہماری ٹیم اب بھارت کو شکست دے کر ٹائٹل جیتے گی۔ دوسری جانب بھارتی بلائنڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان اجے کمار ریڈی نے کہا ہے کہ ورلڈ کپ کے فائنل کے دفاع کے لئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری ٹیم باصلاحیت کھلاڑیوں پر مشتمل ہے وہ کسی بھی مشکل ٹائم میں بھی ٹیم کی جیت میں اہم کر دار ادا کرسکتے ہیں۔
-

بلائنڈ ورلڈ کپ،پاکستان اور بھارت فائنل میں مدمقابل

پاکستان اور بھارت نے بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ کے فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا، سیمی فائنلز میں پاکستان نے سری لنکا کو156 رنز جبکہ بھارت نے بنگلہ دیش کو 7وکٹوں سے شکست دی، روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے مابین فائنل 20 جنوری کو شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق بدھ کو بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں بھارت اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں آمنے سامنے تھیں، بنگلہ دیش کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 38.5اوورز میں 256رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، جواب میں بھارت نے 257رنز کا ہدف 23اوورز میں 3وکٹوں کے نقصان پر پورا کردیا، دوسرے سیمی فائنل میں پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں آمنے سامنے تھیں، پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 40 اوورز میں 8وکٹوں کے نقصان پر 489رنزبنائے، پاکستان کی جانب سے محمد ارشد نے 139،کپتان نثار علی نے 99 جبکہ بدر منیر نے 72رنز سکور کئے،جواب میں سری لنکا کی ٹیم مقررہ 40چالیس اوورز میں 7وکٹوں کے نقصان پر 337رنز بنا سکی۔ روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے مابین فائنل 20 جنوری کو شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
-

دوسرا ٹیسٹ، جنوبی افریقن ٹیم پر اعتماد آغاز کے بعد لڑکھڑا گئی

بھارت کے خلاف دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے پہلے روز جنوبی افریقن بیٹنگ لائن اپ پر اعتماد آغاز کے بعد لڑکھڑا گئی، میزبان ٹیم نے پہلے روز کھیل کے اختتام تک اپنی پہلی اننگز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 269 رنز بنا لئے تھے، کپتان فاف ڈوپلیسی 24 اور کیشو مہاراج 10 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، میچ کے پہلے روز ایڈن مرکرام اور ہاشم آملہ کے سوا پروٹیز کا کوئی بھی کھلاڑی خاطرخواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکا، ایڈن اور آملہ نے ڈٹ کر حریف باؤلرز کا مقابلہ کیا اور بالترتیب 94 اور 82 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کی پوزیشن کو بہتر کیا، ایشون نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ہفتے کو سینچورین میں شروع ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقن قائد ڈوپلیسی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو ایڈن مرکرام اور ڈین ایلگر نے عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو 85 رنز کا آغاز فراہم کیا
یہاں پر ایشون نے ایلگر کو آؤٹ کر کے ٹیم کو پہلی کامیابی دلائی، ایلگر 31 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے، 148 کے سکور پر ایڈن مرکرام جو کہ اچھی بیٹنگ کر رہے تھے 94 کے انفرادی سکور پر ایشون کی گیند کا نشانہ بنے، ڈی ویلیئرز جنوبی افریقہ

کے تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 20 رنز بنا کر ایشانت شرما کی گیند پر شکار ہوئے، 246 کے سکور پر پروٹیز کی چوتھی وکٹ گری جب ہاشم آملہ جو کہ بھرپور فارم میں تھے 82 رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہو گئے، اس کے بعد ڈی کوک اور فلینڈر بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے تو پروٹیز پر دباؤ بڑھ گیا لیکن اس موقع پر کیشومہاراج نے کپتان کا ساتھ دیا، دونوں بلے بازوں نے محتاط انداز اپنایا اور دن ختم ہونے تک مزید کوئی نقصان نہ ہونے دیا، اسطرح پہلے روز جب کھیل ختم ہوا تو جنوبی افریقہ نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 269 رنز بنا لئے تھے، ڈوپلیسی 24 اور مہاراج 10 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، ایشون نے 3 اور ایشانت شرما نے ایک وکٹ لی۔
-

بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ: بھارت نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دیدی
بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ میں بھارت نے پاکستان کو سات وکٹوں سے شکست دے دی۔
ٹیم کی شکست کی بڑی وجہ پانچ اہم کھلاڑیوں کی عدم شمولیت تھی جنہیں متحدہ عرب امارات کا ویزہ جاری نہیں کیا گیا۔

عجمان میں بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی، پاکستان نے 8وکٹوں کے نقصان پر 282 رنز بنائے۔
محمد جمیل نے 94 اور کپتان نثار علی نے 62 رنز کی اننگز کھیلی، بھارت نے مطلوبہ ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر 35ویں اوور میں پورا کرلیا۔ بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان کی یہ پہلی شکست ہے۔
پاکستان ٹیم کو میچ سے پہلے بڑا دھچکہ اس وقت لگا جب ٹیم کے پانچ اہم کھلاڑیوں کو یو اے ای کے ویزے نہیں مل سکے۔
بھارت کے خلاف اہم میچ میں پاکستان کو صرف 12 کھلاڑیوں کی خدمات حاصل تھیں، دو سنچریاں بنانے والے بدر منیر ریاست خان، محسن خان، ساجد نواز اور محمد راشد کو تاحال یو اے ای کے ویزے جاری نہیں ہوسکے، پانچوں کھلاڑی رات گئے ائیرپورٹ پر ویزوں کا انتظار کرتے رہے۔

پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے چئیرمین سید سلطان شاہ نے پاکستان اور یو اے ای کی حکومتوں سے اپیل کی ہے وہ جلد از جلد کھلاڑیوں کو ویزے جاری کرے تاکہ ٹیم مشکلات سے نجات ملے سکے۔
