والی بال

ایشین انڈر 16 والی بال چیمپئن شپ سیمی فائنل: پاکستان نے بھارت کو بدترین شکست دیدی

صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کی ٹیم کو شاندار کارکردگی پر مبارکباد

ایشین انڈر 16 والی بال چیمپئن شپ سیمی فائنل: پاکستان نے بھارت کو بدترین شکست دیدی

صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کی ٹیم کو شاندار کارکردگی پر مبارکباد

بینکاک:  تھائی لینڈ میں جاری ایشین انڈر 16 والی بال چیمپئن شپ کے پہلے سیمی فائنل میں پاکستانی ٹیم نے یکطرفہ مقابلے میں روایتی حریف بھارت کو 3 کے مقابلے 0 سے شکست دے کر ایشین انڈر 16 والی بال چیمپئین شپ کے فائنل میں جگہ بنالی۔

ٹائٹل کے لیے پاکستان کا مقابلہ کل (ہفتہ) ایران سے ہوگا جس نے دوسرے سیمی فائنل میں جاپان کو مات دی تھی۔پاکستان جونیئر ٹیم نے کوئی سیٹ ہارے بغیر فائنل میں جگہ بنائی، بھارت ایک بھی سیٹ میں کامیابی حاصل نہ کرسکا،

پاکستان نے پہلا سیٹ 16 کے مقابلے میں 25 سے اپنے نام کیا، دوسرے سیٹ میں پاکستان نے 19 کے مقابلے میں 25 سے کامیابی پائی اور پاکستانی ٹیم نے تیسرا اور فیصلہ کن سیٹ 12 کے مقابلے 25 سے جیت کر فتح سمیٹ لی۔

پاکستان کی جانب سےعرفان، فیضان، جنید اور طلحہ نے بہترین کھیل پیش کیا اور اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا، پاکستان ایونٹ میں شاندار پرفارمنس کی بدولت پہلے ہی عالمی انڈر 27 والی بال چیمپین شپ 2026 میں شرکت کا حقدار بن چکا ہے۔

دریں اثنا کھیلے گئے دوسرے سیمی فائنل میں ایران نے بھی جاپان کو 0 کے مقابلے 3 سے شکست دے دی، قبل ازیں ایونٹ میں ناقابل شکست پاکستان نے کوارٹر فائنل کی پوزیشن کے لیے ہونے والے مقابلے میں ایران کو 1-3 سے شکست دے کر فائنل 4 میں جگہ بنائی تھی۔

پاکستان گروپ D میں کوریا، سعودی عرب اور چائینیز تائپے کو شکست دے کر گروپ چیمپئن بنا اور انڈونیشیا کو مات دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔ پاکستانی ٹیم اس ایونٹ میں اب تک ناقابل شکست رہی ہے اور ہر میچ میں مخالف ٹیموں کو بھرپور مقابلے کے بعد شکست سے دوچار کیا ہے۔

دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف نے ایشیئن انڈر 16 والی بال چیمپئن شپ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے پر پاکستانی ٹیم کو مبارکباد دی ہے۔

وزیراعظم نے ٹیم کی شاندا کامیابیوں پر اظہار مسرت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس پورے ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست رہا، سیمی فائنل میں بھارت کو شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرنا انتہائی خوش آئند ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ پوری قوم کو اپنے نوجوانوں پر فخر ہے، ہماری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ فائنل میں پاکستانی ٹیم کو کامیاب کرے۔

دوسری جانب صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے بھی انڈر 16 والی بال ایشین چیمپئن شپ کے سیمی فائنل میں بھارت کے خلاف شاندار فتح پر قومی ٹیم کو مبارکباد دی ۔

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!