کرکٹ

سہ ملکی سیریز اور ایشیا کپ کیلئے پاکستانی سکواڈ دبئی پہنچ گیا

 سہ ملکی سیریز اور ایشیا کپ میں شرکت کیلئے قومی اسکواڈ دبئی پہنچ گیا۔

دبئی: پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق ٹیم بدھ کو 4 مختلف گروپوں کی صورت میں دبئی پہنچی تاکہ کھلاڑیوں اور آفیشلز کی آمد کو منظم بنایا جاسکے۔

پی سی بی نے اپنے بیان میں بتایا کہ کھلاڑی 21 اگست سے 27 اگست تک دبئی میں پری سیریز ٹریننگ کیمپ میں حصہ لیں گے جبکہ جمعرات کو آئی سی سی کرکٹ اکیڈمی میں پہلا ٹریننگ سیشن شیڈول ہے۔

آئی سی سی کرکٹ اکیڈمی کو ٹیم کا بنیادی ٹریننگ وینیو مقرر کیا گیا ہے، اس کے ساتھ ساتھ دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ایک پریکٹس میچ بھی کھیلا جائے گا۔

سہ ملکی سیریز میں افغانستان اور متحدہ عرب امارات کی ٹیمیں شامل ہیں جو 29 اگست سے دبئی میں شروع ہو گی، اس کے بعد 9 ستمبر سے ایشیا کپ کا آغاز ہو گا جس کے تمام میچز بھی متحدہ عرب امارات میں ہی ہوں گے۔

قومی ٹیم کے اسکواڈ میں اس بار نمایاں تبدیلیاں کی گئی ہیں، جن میں سابق کپتان بابراعظم اور وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان شامل نہیں ہیں۔
اس بار اسکواڈ کی قیادت آل راؤنڈر سلمان آغا کریں گے۔ اسکواڈ میں فاسٹ بولرز محمد وسیم اور سلمان مرزا کی واپسی ہوئی ہے۔

پاکستانی اسکواڈ میں سلمان آغا (کپتان)، صائم ایوب، فخر زمان، صاحبزادہ فرحان، حسن نواز، سلمان مرزا، محمد حارث، محمد نواز، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف، حسن علی، حسین طلعت، صوفیان مقیم، ابرار احمد، خوشدل شاہ، فہیم اشرف اور محمد وسیم شامل کھلاڑی ہیں۔

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!