
فیفا ورلڈ کپ 2026: ہر ٹیم کو مالی فائدہ، انعامات میں تاریخی اضافہ
اسلام آباد سے سید محمد یاسین ہاشمی کی رپورٹ
اسلام آباد: اگلے سال ہونے والے فیفا ورلڈ کپ 2026 میں حصہ لینے والی تمام 48 ٹیموں کو مالی طور پر بڑا فائدہ ہوگا، چاہے وہ میچ ہاریں یا جیتیں۔ فیفا نے اعلان کیا ہے کہ اس ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 18 ارب پاکستانی روپے (تقریباً 65 کروڑ 50 لاکھ ڈالر) انعامی اور فیس کے طور پر تقسیم کیے جائیں گے۔
گزشتہ ورلڈ کپ 2022 میں مجموعی رقم 44 کروڑ روپے تھی، لیکن اس بار انعامات اور فیس میں نمایاں اضافہ کیا گیا ہے۔
فاتح ٹیم کو 5 کروڑ ڈالر اور دوسرے نمبر والی ٹیم کو 3 کروڑ 30 لاکھ ڈالر دیے جائیں گے، جبکہ سیمی فائنل میں ہارنے والی ٹیمیں بھی 2 کروڑ 90 لاکھ ڈالر حاصل کریں گی۔
مزید براں، اس بار ہر ٹیم کو اپیرنس اور میچ جیتنے کی فیس بھی بڑھا دی گئی ہے۔
پانچویں سے آٹھویں پوزیشن پر آنے والی ٹیموں کو 1 کروڑ 90 لاکھ ڈالر، نویں سے سولہویں پوزیشن والی ٹیموں کو 1 کروڑ 50 لاکھ ڈالر، سترہویں سے بتیسویں پوزیشن والی ٹیموں کو 1 کروڑ 10 لاکھ ڈالر، اور تینتیس سے اڑتالیسویں پوزیشن والی ٹیموں کو 90 لاکھ ڈالر دیے جائیں گے۔
اس کے علاوہ، ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنے والی ہر ٹیم کو ٹورنامنٹ کی تیاریوں کے لیے اضافی 15 لاکھ ڈالر بھی فراہم کیے جائیں گے۔ یہ اقدامات فیفا کی جانب سے عالمی فٹبال کو مزید فروغ دینے اور ٹیموں کو مالی استحکام فراہم کرنے کی کوشش کے طور پر دیکھے جا رہے ہیں۔



