
بھارتی کرکٹ کی جانب سے عاقب جاوید سے رابطے کا دعویٰ
لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے ڈائریکٹر اور سابق فاسٹ بالر عاقب جاوید نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارتی کرکٹ کی جانب سے ان سے بھارتی تیز بالرز کی رہنمائی کے لیے رابطہ کیا گیا ہے۔
ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے عاقب جاوید نے کہا کہ چند روز قبل بھارت کی طرف سے پی سی بی کے اوورسیز پلیئرز پروگرام کے تحت رابطہ کیا گیا،
تاہم انہوں نے مزید تفصیلات بتانے سے گریز کیا۔ کشیدہ تعلقات کے باوجود رابطے کے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ “بیک چینل سے جو کام ہونے ہوتے ہیں، وہ ہو جاتے ہیں۔”
عاقب جاوید کے مطابق نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں شروع کیا گیا اوورسیز پلیئرز پروگرام مقبول ہو رہا ہے، جس کے تحت انگلینڈ اور نیدرلینڈز کے کھلاڑی پاکستان آ کر تربیت حاصل کر چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کا مقصد پاکستانی کوچز کو بین الاقوامی کھلاڑیوں کے ساتھ کام کرنے کا موقع دینا ہے تاکہ وہ عالمی معیار کے مقابلے میں اپنی پوزیشن جانچ سکیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پی سی بی کا یہ پروگرام مستقبل میں مزید ممالک کے کھلاڑیوں کو پاکستان کی طرف متوجہ کرے گا



