
بنگلادیش پریمیئر لیگ: ڈھاکا کیپیٹلز کے کوچ ٹریننگ کے دوران دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے
ڈھاکا: بنگلادیش پریمیئر لیگ (بی پی ایل) کے دوران کرکٹ حلقوں کو ایک افسوسناک خبر نے سوگوار کر دیا، جہاں ڈھاکا کیپیٹلز کے اسسٹنٹ بولنگ کوچ محبوب علی ذکی گراؤنڈ میں اچانک انتقال کر گئے۔
ان کی ناگہانی رحلت نے بی پی ایل انتظامیہ، کھلاڑیوں اور شائقینِ کرکٹ کو گہرے صدمے سے دوچار کر دیا ہے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق میچ سے قبل پریکٹس سیشن کے دوران 59 سالہ محبوب علی ذکی کھلاڑیوں کو بولنگ کی تربیت دے رہے تھے کہ اچانک طبیعت بگڑنے کے باعث زمین پر گر پڑے۔
موقع پر موجود افراد نے فوری طور پر طبی امداد فراہم کی اور انہیں قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے اور خالقِ حقیقی سے جا ملے۔
محبوب علی ذکی 1966 میں پیدا ہوئے اور بنگلادیشی کرکٹ میں ایک معتبر اور تجربہ کار کوچ کی حیثیت سے جانے جاتے تھے۔ وہ بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے گیم ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ سے وابستہ تھے اور بطور اسپیشل پیس بولنگ کوچ خدمات انجام دے رہے تھے۔
اپنے طویل کیریئر کے دوران انہوں نے متعدد نامور اور ابھرتے ہوئے فاسٹ بولرز کی کوچنگ کی اور ملکی کرکٹ کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا۔
محبوب علی ذکی کی اچانک وفات پر بنگلادیش کرکٹ بورڈ نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا انتقال بنگلادیشی کرکٹ کے لیے ایک بڑا نقصان ہے۔
کرکٹ حلقوں کی جانب سے مرحوم کی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا جا رہا ہے، جبکہ بی پی ایل کے ماحول پر بھی اس سانحے کے اثرات نمایاں طور پر محسوس کیے جا رہے ہیں۔



