

نیشنل جونئیر بیڈمنٹن چیمپئن شپ لاہور میں خیبر پختونخوا کے کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی
پشاور(سپورٹس لنک رپورٹ) نیشنل جونئیر بیڈمنٹن چیمپئن شپ خیبرپختونخوا کے قاری محمد عمر نے انڈر19 کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا ، انڈر17 کیٹگری میں خیبرپختونخوا کے نجم الساقب خیبرپختونخوا ہی کے عبدالحسیب خان کو شکست دیکر پہلی پوزیشن حاصل کرلی ،
پاکستان بیڈمنٹن فیڈریشن کے زیراہتمام لاہور میں منعقد ہ نیشنل بیڈمنٹن چیمپئن شپ میں خیبر پختونخوا کے کھلاڑیوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے نمایاں کامیابیاں حاصل کیں اور مختلف کیٹیگریز کے فائنلز میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔
انڈر 19 سنگلز کے فائنل میں خیبر پختونخوا کے قاری محمد عمر نے پنجاب کے حسین شہزاد کو سخت مقابلے کے بعد 19-21 اور 18-21 سے شکست دے کر چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔
انڈر 17 سنگلز کے فائنل میں خیبر پختونخوا کے نجم الساقب نے اپنے ہی صوبے کے کھلاڑی عبدالحسیب خان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 17-21، 21-18 اور 18-21 سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔
انڈر 15 سنگلز کے فائنل میں پنجاب کے ہارون احمد نے خیبر پختونخوا کے حسنین خان کو شکست دے کر کامیابی حاصل کی، تاہم حسنین خان کی مجموعی کارکردگی قابلِ تعریف رہی۔
اس شاندار کامیابی پر خیبر پختونخوا بیڈمنٹن ایسوسی ایشن کے سیکریٹری صداقت شاہ نے کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا کے نوجوان کھلاڑی قومی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں۔
انہوں نے کوچز حیات اللہ اور مسعود کی محنت اور پیشہ ورانہ تربیت کو بھی بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ کوچز کی انتھک محنت کی بدولت یہ کامیابیاں ممکن ہوئیں۔
خیبر پختونخوا کے کھلاڑیوں کی اس شاندار کارکردگی کو کھیلوں کے حلقوں میں خوب سراہا جا رہا ہے اور امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ یہ نوجوان کھلاڑی مستقبل میں بھی قومی سطح پر نمایاں کامیابیاں حاصل کریں گے۔



