
نیشنل رینکنگ بیڈمنٹن چیمپئن شپ: خیبرپختونخوا کے ٹرائلز مکمل ہوگئے۔
پشاور (سپورٹس لنک رپورٹ) نیشنل رینکنگ بیڈمنٹن چیمپئن شپ 2026 کے لیے خیبرپختونخوا بیڈمنٹن ایسوسی ایشن کے ٹرائلز حیات آباد اسپورٹس کمپلیکس پشاور میں کامیابی سے مکمل ہوگئے۔ چیمپئن شپ 4 سے 9 اکتوبر تک اسلام آباد میں منعقد ہوگی۔
ٹرائلز میں صوبے کے مختلف اضلاع سے 50 سے زائد مرد و خواتین کھلاڑیوں نے شرکت کی،
جہاں کھلاڑیوں نے سنگلز، ڈبلز اور مکسڈ ڈبلز مقابلوں میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ کھلاڑیوں کا انتخاب کارکردگی اور میرٹ کی بنیاد پر کیا گیا۔
اس موقع پر خیبرپختونخوا بیڈمنٹن ایسوسی ایشن کے صدر بلال خان، سیکرٹری جنرل میاں صداقت شاہ اور ڈپٹی سیکرٹری جنرل مسعود خان موجود تھے، جبکہ ٹرائلز ڈائریکٹوریٹ کوچز حیات اللہ اور بشرا کی زیرنگرانی منعقد ہوئے۔
مردوں کی ٹیم میں مراد علی، عبدالحسیب خان، دانیال شہزادہ، افنان خان، تیمور خان، حاشر شاہ اور میکائیل خان شامل ہیں، جبکہ خواتین کی ٹیم میں لائبہ مشتاق، مروہ جدون، سپنا لیاقت اور جیا عابد شامل ہیں۔
ایسوسی ایشن حکام نے امید ظاہر کی کہ 2026 کے قومی چیمپئن مراد علی سمیت خیبرپختونخوا کے تمام منتخب کھلاڑی قومی رینکنگ چیمپئن شپ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے صوبے کا نام روشن کریں گے۔



