ویرات کوہلی نے سچن ٹنڈولکر کا ایک اور ریکارڈ توڑ دیا
ویرات کوہلی نے نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے پہلے ون ڈے میں 93 رنز بنا کر ٹیم کو فتح دلائی

ویرات کوہلی نے سچن ٹنڈولکر کا ایک اور ریکارڈ توڑ دیا
ویرات کوہلی نے اپنے شاندار کیریئر میں ایک اور سنگِ میل عبور کرتے ہوئے انٹرنیشنل کرکٹ میں تیز ترین 28 ہزار رنز بنانے والے بیٹر ہونے کا اعزاز حاصل کر لیا۔
انہوں نے یہ ریکارڈ اتوار کو نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں قائم کیا، جہاں انہوں نے شاندار 93 رنز کی اننگز کھیلی۔
کوہلی نے 624 انٹرنیشنل اننگز میں 28 ہزار رنز مکمل کیے، جبکہ اس سے قبل یہ ریکارڈ سچن ٹنڈولکر کے پاس تھا، جنہوں نے 644 اننگز میں یہ سنگِ میل عبور کیا تھا۔
واضح رہے کہ پہلے ون ڈے میچ میں بھارت نے نیوزی لینڈ کو 4 وکٹوں سے شکست دی۔ نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 300 رنز بنائے، جس میں ڈیرل مچل نے 84 رنز اسکور کیے۔
ہدف کے تعاقب میں بھارت نے ویرات کوہلی اور شبمن گل کی نصف سنچریوں کی بدولت 49 اوورز میں کامیابی حاصل کر لی اور تین میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی۔
ویرات کوہلی نے 91 گیندوں پر 93 رنز کی اننگز کھیلی، جس میں 8 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا تاہم اس دوران انہوں نے انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کی فہرست میں اپنا نمبر بہتر کرتے ہوئے سری لنکا کے سابق کپتان سنگاکارا کو پیچھے چھوڑ دیا۔
نیوزی لینڈ کے خلاف میچ سے قبل کوہلی 27 ہزار 975 رنز بنا کر انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹرز میں تیسرے نمبر پر تھے تاہم 93 رنز کی اننگز کھیل کر دوسرے نمبر پر براجمان ہوگئے۔
انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے سچن ٹنڈولکر ہیں جنہوں نے ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی20 کرکٹ میں مجموعی طور پر 34 ہزار 357 رنز بنائے ہیں، اب دوسرے نمبر ویرات کوہلی ہیں، جن کے رنز کی تعداد 28 ہزار 68 ہوگئی ہے۔
سنگاکارا 28 ہزار 16 رنز بنا کر تیسرے، آسٹریلیا کے سابق کپتان رکی پونٹنگ 27 ہزار 483 اور سری لنکا کے مہیلا جے وردھنے 25 ہزار 957 رنز بنا کر بالترتیب چوتھے اور پانچویں نمبر پر ہیں۔
ویرات کوہلی کی ون ڈے کرکٹ کے کیریئر میں مین آف دی میچ کی تعداد بھی 45 ہوگئی ہے، ان سے آگے سری لنکا کے سنتھ جے سوریا 48 جبکہ سچن ٹنڈولکر 62 مین آف دی میچ کے ساتھ پہلے نمبر پر ہیں۔



