ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ،’معاملے کا باہمی حل تلاش کیا جائے’، آئی سی سی
اس اقدام سے پاکستان سمیت عالمی کرکٹ ایکو سسٹم متاثر ہو سکتا ہے، آئی سی سی

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ،’معاملے کا باہمی حل تلاش کیا جائے’، آئی سی سی
دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (ICC) نے آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 میں اپنی قومی ٹیم کو ‘انتخابی بنیادوں’ (Selectively) پر شرکت کی ہدایت سے متعلق حکومتِ پاکستان کے حالیہ بیان کا نوٹس لے لیا ہے۔
آئی سی سی کا کہنا ہے کہ اگرچہ اسے ابھی تک پاکستان کرکٹ بورڈ (PCB) کی جانب سے کسی باضابطہ پیغام کا انتظار ہے، تاہم انتخابی شرکت کا یہ مؤقف ایک ایسے عالمی اسپورٹس ایونٹ کے بنیادی مقصد سے مطابقت نہیں رکھتا جہاں تمام کوالیفائیڈ ٹیموں سے طے شدہ شیڈول کے مطابق مساوی بنیادوں پر کھیلنے کی توقع کی جاتی ہے۔
آئی سی سی کے مطابق، کونسل کے تمام ٹورنامنٹس کھیلوں کی سالمیت، مسابقت، تسلسل اور شفافیت کے اصولوں پر مبنی ہوتے ہیں، اور ٹیموں کی جانب سے انتخابی شرکت ان مقابلوں کی روح اور تقدس کو مجروح کرتی ہے۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ آئی سی سی قومی پالیسی کے معاملات میں حکومتوں کے کردار کا احترام کرتی ہے، لیکن یہ فیصلہ عالمی کھیل یا دنیا بھر کے کرکٹ شائقین، بشمول پاکستان کے لاکھوں مداحوں کے مفاد میں نہیں ہے۔
آئی سی سی نے امید ظاہر کی ہے کہ پی سی بی اپنے ملک میں کرکٹ پر اس کے طویل مدتی اور سنگین اثرات پر غور کرے گا، کیونکہ اس اقدام سے عالمی کرکٹ کا وہ پورا ڈھانچہ متاثر ہونے کا خدشہ ہے جس کا پاکستان خود ایک رکن اور فائدہ اٹھانے والا ملک ہے۔
عالمی ادارے نے واضح کیا کہ اس کی اولین ترجیح آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا کامیاب انعقاد ہے، جو کہ پی سی بی سمیت تمام ممبر ممالک کی یکساں ذمہ داری ہے۔
آئی سی سی توقع کرتی ہے کہ پی سی بی اس معاملے کا ایسا باہمی طور پر قابلِ قبول حل تلاش کرے گا جس سے تمام اسٹیک ہولڈرز کے مفادات کا تحفظ ممکن ہو سکے۔



