کرکٹ

سرفراز احمد کو قومی ٹیسٹ ٹیم کی کوچنگ دینے کا فیصلہ؟

سرفرازاحمد کو قومی ٹیسٹ ٹیم کی کوچنگ دینے کا فیصلہ

کراچی: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے فیصلہ کیا ہے کہ سابق کپتان سرفراز احمد کو قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ بنایا جائے گا۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق 2017 میں پاکستان کرکٹ ٹیم کو چیمپئنز ٹرافی جتوانے والے سابق کپتان سرفراز احمد کی تقرری کا باضابطہ اعلان جلد متوقع ہے اور وہ پاکستان کی بنگلادیش کے خلاف مئی میں شیڈول ٹیسٹ سیریز سے ٹیم کی کوچنگ ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔

آسٹریلیا کے جیسن گلیسپی کے استعفیٰ کے بعد پاکستان ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کوچ کا عہدہ خالی تھا۔ اس دوران عبوری طور پر اظہر محمود فیلڈ ٹیم کی قیادت کر رہے تھے

اور انہوں نے جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز میں ٹیم کو رہنمائی فراہم کی، سرفراز احمد کو یہ عہدہ اظہر محمود کی مدت ملازمت ختم ہونے کے بعد دیا جا رہا ہے اور بورڈ کی جانب سے جلد رسمی اعلان متوقع ہے۔

پاکستان ٹیسٹ ٹیم مئی میں بنگلادیش کے خلاف دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلے گی، جو ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2027 کا حصہ ہے۔ پہلا میچ 8 مئی سے شروع ہوگا جبکہ دوسرا میچ 16 مئی سے کھیلا جائے گا۔ اس سیریز کے آغاز کے ساتھ ہی سرفراز احمد باقاعدہ کوچ کے طور پر اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔

سرفراز احمد اس سے قبل پاکستان انڈر 19 ٹیم کے مینٹور کے طور پر بھی کام کر چکے ہیں، جن کی قیادت میں ٹیم نے ایشیا کپ جیتا تھا۔ اس کے علاوہ، حال ہی میں ہونے والے انڈر 19 ورلڈکپ کے لیے بھی انہوں نے مینٹور کے طور پر اپنی خدمات فراہم کیں، جس سے ان کے کوچنگ کی مہارت اور نوجوان کھلاڑیوں کی تربیت میں تجربہ واضح ہوتا ہے۔

پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ سرفراز احمد کی تقرری ٹیم کے لیے ایک مضبوط قیادت کی ضمانت ہے اور ان کی کوچنگ میں پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم عالمی مقابلوں میں بہتر کارکردگی دکھانے کے لیے تیار ہوگی۔

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!