
ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاور ہٹنگ کے نئے ریکارڈز، 780 چھکے لگے
ٹی 20 ورلڈ کپ میں اس مرتبہ بیٹنگ کے شاندار مظاہروں نے ریکارڈ توڑ دیے ، جہاں ٹورنامنٹ کے دوران مجموعی طور پر 780 چھکے لگائے گئے۔ یہ تعداد گزشتہ ایڈیشن کے مقابلے میں نمایاں طور پر زیادہ ہے۔
میڈیا رپورٹس میں جاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ایڈیشن میں مجموعی طور پر 517 چھکے لگائے گئے تھے جبکہ موجودہ ٹورنامنٹ میں یہ تعداد تقریباً 51 فیصد بڑھ کر 780 تک پہنچ گئی۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ جدید ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں بیٹنگ کا رجحان مزید مضبوط ہو گیا ہے۔
ٹورنامنٹ کے دوران کئی بڑے اسکور بھی دیکھنے کو ملے اور 200 رنز کا ہدف ریکارڈ 14 مرتبہ عبور کیا گیا۔ اس کے علاوہ بعض ٹیموں نے 250 سے زائد کے مجموعے بھی اسکور کیے جس نے ٹی 20 کرکٹ میں اسکورنگ کے نئے معیار قائم کر دیے۔
فائنل میچ میں بھارتی ٹیم نے نیوزی لینڈ کے خلاف 255 رنز بنا کر ایک اور بڑا ریکارڈ قائم کیا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ 250 سے زائد اسکور میں سے 3 میزبان ٹیم نے ہی بنائے۔
ٹورنامنٹ کے دوران مجموعی اسٹرائیک ریٹ 134 تک پہنچ گیا جو اس ایونٹ کی تاریخ میں سب سے زیادہ سمجھا جا رہا ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ اعداد و شمار ٹی 20 کرکٹ میں جارحانہ بیٹنگ کے بڑھتے رجحان کی عکاسی کرتے ہیں۔
انگلینڈ کے سابق کپتان مائیکل وان نے اس صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ بیٹنگ کا شاندار کھیل ضرور دیکھنے کو ملا لیکن بیٹ اور بال کے درمیان توازن متاثر ہوا ہے۔
دوسری جانب نیوزی لینڈ کے کوچ روب والٹر نے کہا کہ اگر شائقین اس انداز کی کرکٹ سے لطف اندوز ہو رہے ہیں تو اس پر زیادہ اعتراض کی ضرورت نہیں، تاہم کھیل میں مسابقت برقرار رہنا بھی ضروری ہے۔



