PSL2026

نئے کھلاڑی کراچی کنگز کو مضبوط بنائیں گے، ڈیوڈ وارنر

نئے کھلاڑی کراچی کنگز کو مضبوط بنائیں گے، ڈیوڈ وارنر

لاہور : ڈیوڈ وارنر نے کراچی کنگز کے اسکواڈ اور تیاریوں پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیم ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 11 میں گزشتہ سیزن کی کارکردگی کو مزید بہتر بناتے ہوئے پلے آف سے آگے جانے کے لیے پُرعزم ہے۔

لاہور میں پری ٹورنامنٹ کپتانوں کی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وارنر نے ٹیم میں تسلسل کی اہمیت پر زور دیا اور نئے کھلاڑیوں کی شمولیت کو خوش آئند قرار دیا۔

انہوں نے کہا، “ہمارے لیے یہ خوش آئند بات ہے کہ ایڈم زمپا اور سلمان علی آغا جیسے کھلاڑی ٹیم کا حصہ ہیں۔”
وارنر کا کہنا تھا، “ہماری کوشش یہی ہے کہ گزشتہ سال کی اچھی کارکردگی کو دہرائیں اور جن شعبوں میں کمی رہ گئی تھی، وہاں بہتری لائیں۔ امید ہے کہ اس سیزن میں ہم مزید بہتر کھیل پیش کرتے ہوئے پلے آف سے آگے جا سکیں گے۔”

انہوں نے پلیئرز آکشن کے دوران تشکیل دیے گئے اسکواڈ پر بھی اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ آٹھ ٹیموں پر مشتمل اس بڑے ٹورنامنٹ میں بھرپور مقابلے کے لیے تیار ہے۔

انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا، “ہمارے پاس ایک مضبوط اور متوازن اسکواڈ ہے، اور میرا خیال ہے کہ ہم نے آکشن میں بہترین انتخاب کیے۔ ہم بہترین ٹیموں کے خلاف مقابلے کے لیے تیار ہیں۔”

یاد رہے کہ کراچی کنگز نےایچ بی ایل پی ایس ایل 10 میں عمدہ کارکردگی دکھائی تھی، جہاں ڈیوڈ وارنر نے فرنٹ سے لیڈ کرتے ہوئے 11 اننگز میں 368 رنز اسکور کیے، ان کی اوسط 33.45 اور اسٹرائیک ریٹ 153.97 رہا۔

اپنی فٹنس سے متعلق سوال کے جواب میں 39 سالہ وارنر نے تمام خدشات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وہ اب بھی بہترین جسمانی حالت میں ہیں۔

انہوں نے کہا، “دیکھیں، 39 سال کی عمر میں بھی میں خود کو انتہائی فٹ محسوس کرتا ہوں، بلکہ شاید اس کھیل میں میری عمر کے زیادہ تر کھلاڑیوں سے بہتر محسوس کرتا ہوں۔”

وارنر نے مزید کہا، “یہ سب ایک صحت مند غذا، سخت ٹریننگ اور میدان میں مسلسل محنت کا نتیجہ ہے۔ امید ہے کہ میں اس سیزن میں بھی اچھی کارکردگی دکھاتے ہوئے ٹیم کو مضبوط پوزیشنز میں لے جا سکوں گا۔”

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!