
چیئرمین پی سی بی کا پی ایس ایل ٹیموں کے اعزاز میں عشائیہ کا اہتمام
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی کی جانب سے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز کیلئے خصوصی عشائیے کا اہتمام کیا گیا۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق یہ عشائیہ کراچی کے معروف ساحلی مقام دو دریا کے ایک مقامی ریستوران میں منعقد ہوا، جہاں پاکستان سپر لیگ میں شریک مختلف ٹیموں کے کھلاڑیوں،
کوچنگ اسٹاف اور انتظامی اراکین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر مختلف ٹیموں کے درمیان باہمی میل جول اور خوشگوار ماحول نمایاں رہا۔
رپورٹ کے مطابق تقریب میں کھلاڑیوں نے ایک دوسرے کے ساتھ غیر رسمی گفتگو کی اور میدان سے باہر دوستانہ ماحول میں وقت گزارنے کا موقع ملا، جسے شرکاء نے خوش آئند قرار دیا۔
اس سے قبل بھی پی ایس ایل میں شامل مختلف ٹیموں کے کھلاڑی کراچی کے ساحلی تفریحی مقامات کا رخ کرتے نظر آئے تھے۔ چند روز قبل ملتان سلطانز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے کھلاڑیوں نے شہر قائد کے مشہور ٹرٹل بیچ پر ایک ساتھ وقت گزارا، جہاں انہوں نے پکنک کے انداز میں دن بسر کیا۔
اس غیر رسمی سرگرمی کے دوران دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کے درمیان دوستانہ والی بال میچ بھی کھیلا گیا، جبکہ کئی کھلاڑیوں نے گھڑ سواری اور جیٹ اسکی جیسی دلچسپ سرگرمیوں میں بھی حصہ لیا۔
ان سرگرمیوں نے نہ صرف کھلاڑیوں کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنایا بلکہ انہیں میدان کی سخت مقابلہ جاتی فضا سے ہٹ کر کچھ وقت سکون کے لمحات بھی فراہم کیے۔



