پی ایس اے سیٹیلائٹ اسکواش چیمپئن شپ کی سیمی فائنل لائن اپ مکمل
انڈر11میں ایم ابان نے ٹاپ سیڈ عاطف علی ناز کو،ایم بن نسیم نے سیکنڈ سیڈ عبدالکریم کوہرا دیا

پی ایس اے سیٹیلائٹ اسکواش چیمپئن شپ کی سیمی فائنل لائن اپ مکمل
انڈر11میں ایم ابان نے ٹاپ سیڈ عاطف علی ناز کو،ایم بن نسیم نے سیکنڈ سیڈ عبدالکریم کوہرا دیا
کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان کے انس خان،انس علی،سعیدعبدال اور کلیم اللہ پی ایس اے سیٹیلائٹ مینز اسکوا ش چیمپئن شپ کے سیمی فائنل میں پہنچ گئے،
بوائز انڈر11میں ایم ابان نے ٹاپ سیڈ عاطف علی ناز کو،ایم بن نسیم نے سیکنڈ سیڈ عبدالکریم کوہرا کر اپ سیٹ کر دیا،بوائز انڈر15میں حزیفہ شاہد نے سیکنڈ سیڈ دانش سکندر کو اپ سیٹ کیا۔
بوائز انڈر19میں ٹاپ سیڈعدنان زمان،عبدالباسط،عبداللہ ندیم اور زمان خان کے ساتھ ساتھ گرلز میں سندھ کی دامیہ خان،دعا،ویشنوی اورانعم نے بھی دوسری پبلک اسکول حیدرآباد نیشنل جونیئر کے کوارٹر فائنلز میں جگہ بنالی۔
پبلک اسکول حیدرآباد جمنازیم میں جاری چیمپئن شپ میں گزشتہ روز تمام کیٹیگریز کے کوارٹر فائنلز کھیلے گئے۔ان میچز کے موقع پرسندھ اسکواش ایسوسی ایشن کے سیکریٹری نوید رحمان،سینئر نائب صدر شبرگل خٹک،جوائنٹ سیکریٹری ریحان شیخ،ریفری ایم فواد اور دیگر بھی موجود تھے۔
سندھ اسکواش ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری کردہ نتائج کے مطابق پی ایس اے سیٹیلائٹ مینز کے کوارٹر فائنلز میں نمبر دوسیڈ انس خان نے 53منٹ کے سخت مقابلے کے بعدنوید رحمان کو 3-2سے زیر کیا،
ان کی کامیابی کااسکور 8-11،11-3،11-9،9-11اور11-5رہا۔ٹاپ سیڈ انس علی شاہ نے اسرار احمد کو3-2سے،سعید عبدل نے شملان گل کو3-2سے اور کلیم اللہ شعیب نے فیضان خان کو 3-0سے شکست دے کر ٹاپ فور میں جگہ بنائی۔
بوائز انڈر11میں سندھ کے ایم ابان نے ٹاپ سیڈ پی اے ایف کے عاطف علی ناز کو3-1سے اور سندھ ہی کے ایم بن نسیم نے سیکنڈ سیڈ پنجاب کے عبدالکریم کو 3-1سے شکست دے کر اپ سیٹ کرتے ہوئے سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کیا،
ان کے ساتھ ساتھ کے پی کے ایم آلیان اور ابوبکر صدیقی بھی سیمی فائنل میں پہنچ گئے۔بوائز انڈر15میں ٹاپ سیڈ آرمی کے ایم فیضان خان نے کے پی کے فواد خان کو 3-2سے،پنجاب کے محمد حسین نے عبدالرحمان کو 3-2سے،
پنجاب کے ایم بن عاطف نے پنجاب کے جاسم کو3-0سے جبکہ ایس این جی ایل کے حزیفہ شاہد نے سیکنڈ سیڈ کے پی کے دانش سکندر کو 3-1سے اپ سیٹ کرتے ہوئے سیمی فائنل میں نشست کنفرم کی۔
ویمنز کیٹیگری میں ٹاپ سیڈسندھ کی دامیہ خان نے سندھ کی سہیما فاطمہ کو3-0سے،سندھ کی دعا نزاکت نے سندھ کی زنیرہ عمران کو3-0سے،
سندھ کی انعم مصطفی نے کے پی کی حبا امتیاز کو3-0سے اور سندھ کی ویشنوی نے سندھ کی ایمن فاطمہ کو3-0سے ہرا کر سیمی فائنل میں رسائی کو یقینی بنایا۔
بوائز انڈر19میں ٹاپ سیڈ سندھ کے عدنان زمان نے بلوچستان کے عصمت اللہ کو3-0سے،سندھ کے عبدالباسط خان نے پنجاب کے دانیال کو3-0سے،
پنجاب کے عبداللہ ندیم نے پنجاب ہی کے ایم حبیب کو3-1سے اور سیکنڈ سیڈ ایس این جی پی ایل کے زمان خان نے پنجاب کے ورون آصف کو 3-0سے شکست دے کر سیمی فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا۔
تمام سیمی فائنلز آج کھیلے جائیں گے۔واضح رہے کہ سندھ اسکواش ایسوسی ایشن کے زیر نگرانی نیشنل جونیئر اسکواش چیمپئن شپ کی تمام چار کیٹیگریز کے لئے ایک لاکھ روپے جبکہ پی ایس اے سیٹیلائٹ مینز اسکوا ش چیمپئن شپ کی انعامی رقم ایک ہزارٖڈالرز ہے۔



