آئی ٹی ایم اے ایشین گیمز:پاکستان کی پانچ گولڈ میڈلز کے ساتھ تیسری پوزیشن
قومی کھلاڑیوں نے چار سلور اور چار برانز میڈلز بھی جیتے،میزبان سری لنکا کی پہلی پوزیشن رہی

آئی ٹی ایم اے ایشین گیمز:پاکستا ن کی پانچ گولڈ میڈلز کے ساتھ تیسری پوزیشن
قومی کھلاڑیوں نے چار سلور اور چار برانز میڈلز بھی جیتے،میزبان سری لنکا کی پہلی پوزیشن رہی
کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ) نیگومبو سری لنکامیں کھیلے گئے آئی ٹی ایم اے ایشین گیمز 2026 میں پاکستانی کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مجموعی طور پر 13 تمغے حاصل کر لیے، جن میں 5 گولڈ، 4 سلور اور 4 برانز میڈلزشامل ہیں۔
پاکستانی دستے کے ہیڈ آف ڈیلی گیشن ماسٹر شعیب بٹ کے مطابق پاکستان نے مجموعی طور پر تیسری پوزیشن حاصل کی مقابلوں میں میزبان سری لنکاکی پہلی اور بھارت کی دوسری پوزیشن رہی۔
نتائج کے مطابق موئے بوران ایونٹس میں نوجوان کھلاڑی اسد آصف نے 51 کلوگرام کیٹیگری میں عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے چاندی کا تمغہ حاصل کیا، جبکہ عائشہ نے 45 کلوگرام یوتھ موئے بوران مقابلوں میں گولڈ میڈل جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔
اسی ایونٹ میں دانش اجمل نے 60 کلوگرام کیٹیگری میں طلائی تمغہ حاصل کیا۔
پروایم موئے تھائی مقابلوں میں مہدی علی نے 60 کلوگرام، محمد علی حسن نے بھی 60 کلوگرام، امیر حمزہ نے 57 کلوگرام اور محمد حذیفہ شاہ نے 71 کلوگرام کیٹیگریز میں کانسی کے تمغے حاصل کیے اور قومی دستے کی مجموعی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔
یو بی ایف باکسنگ مقابلوں میں پاکستانی باکسرز نے غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ مجتبیٰ علی نے 71 کلوگرام کیٹیگری میں گولڈ میڈل جیتنے کے ساتھ ٹائٹل بیلٹ بھی اپنے نام کی،
جبکہ محمد حذیفہ شاہ نے 67 کلوگرام یو بی ایف باکسنگ میں گولڈ میڈل اور ٹائٹل بیلٹ حاصل کرکے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ اسی طرح مہدی علی نے 60 کلوگرام یو بی ایف باکسنگ مقابلوں میں گولڈ میڈل اور ٹائٹل بیلٹ بھی حاصل کی۔
خواتین کے مقابلوں میں پاکستان کی اقرا بی بی نے 43 کلوگرام اور عائشہ نے 45 کلوگرام یو بی ایف باکسنگ ایونٹس میں سلور میڈلز جیتنے کااعزاز حاصل کیا، جبکہ عدنان نے 57 کلوگرام یو بی ایف باکسنگ میں سلور میڈل جیتا۔
پاکستانی دستے کی مجموعی کارکردگی انتہائی متاثر کن رہی اور کھلاڑیوں نے پانچ گولڈ، 4 سلور اور 4برانز میڈلز کے ساتھ ایشین گیمز میں پاکستان کا نام روشن کیا۔
اسپورٹس حلقوں نے قومی کھلاڑیوں کی اس شاندار کامیابی کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ یہ باصلاحیت ایتھلیٹس مستقبل میں بھی بین الاقوامی مقابلوں میں پاکستان کے لیے مزید اعزازات حاصل کریں گے۔



