ہاکی

پی ایچ ایف کا ہاکی کوچنگ کو جدید بنانے کے لیے ملک گیر کوچنگ ایجوکیشن پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ

پی ایچ ایف کا ہاکی کوچنگ کو جدید بنانے کے لیے ملک گیر کوچنگ ایجوکیشن پروگرام کا آغاز

اسلام آباد: پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی) کے اشتراک سے ملک بھر میں جدید، معیاری اور بین الاقوامی تقاضوں سے ہم آہنگ کوچنگ نظام کے فروغ کے لیے ایک جامع کوچنگ ایجوکیشن پروگرام کا آغاز کر دیا ہے۔

یہ پروگرام پاکستان میں ہاکی کی بحالی اور طویل المدتی ترقی کے لیے پی ایچ ایف کی وسیع حکمتِ عملی کا اہم حصہ ہے۔ پروگرام کا آغاز 5 جولائی 2026 کو اسلام آباد اسپورٹس کمپلیکس میں ہوگا۔

پی ایچ ایف کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق اس منصوبے پر مرحلہ وار عمل درآمد کیا جائے گا تاکہ ملک کے تمام علاقوں سے کوچز کی شرکت یقینی بنائی جا سکے۔

پہلے مرحلے میں گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا اور آزاد جموں و کشمیر سے تعلق رکھنے والے کوچز پروگرام میں حصہ لیں گے۔دوسرے مرحلے میں سندھ و بلوچستان جبکہ تیسرے مرحلے میں پنجاب سے تعلق رکھنے والے کوچز مستفید ہونگے۔ مزکورہ پروگرام اگست تک اختتام پذیر ہوگا

فیڈریشن کا کہنا ہے کہ اس منصوبے کا مقصد ہاکی کی ترقی کی بنیادوں کو مضبوط بنانا، ایک متحدہ کوچنگ فریم ورک متعارف کرانا، تکنیکی مہارتوں میں اضافہ کرنا اور نچلی سطح سے لے کر ایلیٹ سطح تک یکساں اور مؤثر کوچنگ طریقہ کار کو فروغ دینا ہے۔

پی ایچ ایف نے صوبائی ہاکی ایسوسی ایشنز، محکمہ جاتِ کھیل، تعلیمی اداروں اور دیگر متعلقہ اداروں کے ذریعے اہل کوچز سے نامزدگیاں طلب کر لی ہیں۔ دلچسپی رکھنے والے امیدوار پی ایچ ایف اور پی ایس بی کی سرکاری ویب سائٹس پر دستیاب آن لائن فارم کے ذریعے درخواست جمع کرا سکتے ہیں۔

منتخب امیدواروں کی زیادہ سے زیادہ شرکت کو یقینی بنانے کے لیے رہائش اور طعام کا انتظام مشترکہ طور پر پی ایچ ایف اور پی ایس بی کی جانب سے کیا جائے گا۔

پروگرام میں کوچز کی تربیت، ٹیلنٹ کی نشاندہی، جدید تربیتی طریقہ کار، اسپورٹس سائنس کے استعمال اور کھلاڑیوں کی طویل المدتی ترقی کے راستوں پر خصوصی توجہ دی جائے گی، جو پاکستان میں ہاکی کے ڈھانچے کی ازسرِ نو تعمیر کے لیے نہایت اہم سمجھے جاتے ہیں۔

پی ایچ ایف نے ہائر ایجوکیشن کمیشن، صوبائی اسپورٹس اتھارٹیز، ہاکی ایسوسی ایشنز، تعلیمی بورڈز اور دیگر متعلقہ اداروں سے بھی تعاون کی درخواست کی ہے تاکہ ملک بھر سے وسیع نمائندگی کو یقینی بنایا جا سکے۔

فیڈریشن کے حکام نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ یہ اقدام جدید علم اور مہارتوں سے آراستہ نئی نسل کے مستند کوچز تیار کرنے میں معاون ثابت ہوگا، جو ہاکی کی جدید تعلیم اور تربیت کو فروغ دے سکیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ پروگرام ملک میں کوچنگ نیٹ ورک کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ پاکستان ہاکی کی بحالی اور پائیدار ترقی میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔

مزید معلومات کے لیے پی ایچ ایف نے دلچسپی رکھنے والے افراد کو ہدایت کی ہے کہ وہ فیڈریشن کے ٹیکنیکل ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس اینڈ ڈویلپمنٹ طاہر زمان سے رابطہ کریں۔۔

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!