دیگر سپورٹس

یاور حسین پاکستان سپورٹس بورڈ کے نئے ڈائریکٹر جنرل مقرر

یاور حسین کو پاکستان سپورٹس بورڈ کا نیا ڈائریکٹر جنرل مقرر کردیا گیا۔

اسلام آباد ; وفاقی حکومت نے پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس (PAS) کے گریڈ 20 کے افسر یاور حسین کو پاکستان اسپورٹس بورڈ (PSB) کا نیا ڈائریکٹر جنرل مقرر کر دیا ہے۔

اس سے قبل یاسر پیر زادہ کے جانے کے بعد محی الدین وانی کے پاس ڈی جی پی ایس بی کا اضافی چارج تھا۔ نئے ڈی جی پی ایس بی یاور حسین بطور ڈی جی پاسپورٹس اینڈ امیگریشن بھی ذمہ داریاں نبھا چکے ہیں۔

جھنگ سے تعلق رکھنے والے گریڈ 20 کے آفیسر یاور حسین بلوچستان میں بھی فرائض ادا کرتے رہے ہیں۔ یاور حسین بطور جوائنٹ سیکرٹری داخلہ امورز بھی کام کرچکے ہیں۔

اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق یاور حسین اس وقت حکومت پنجاب میں خدمات انجام دے رہے تھے، جنہیں تبادلہ کرکے بین الصوبائی رابطہ (IPC) ڈویژن کے تحت پاکستان اسپورٹس بورڈ میں بطور ڈائریکٹر جنرل تعینات کیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق یہ تقرری ڈیپوٹیشن کی بنیاد پر معیاری شرائط و ضوابط کے تحت فوری طور پر نافذ العمل ہوگی اور آئندہ احکامات تک برقرار رہے گی۔

اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں متعلقہ وفاقی اور صوبائی اداروں کو بھی فیصلے سے آگاہ کر دیا گیا ہے جبکہ نئے ڈائریکٹر جنرل کو چارج سنبھالنے کے بعد چارج رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

پاکستان اسپورٹس بورڈ ملک میں کھیلوں کے فروغ، قومی اسپورٹس فیڈریشنز کی نگرانی اور اسپورٹس پالیسی پر عملدرآمد کا مرکزی ادارہ ہے، جو وزارت بین الصوبائی رابطہ کے تحت کام کرتا ہے۔

یاور حسین کی تعیناتی کو ملکی کھیلوں کے انتظامی ڈھانچے میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے اور توقع کی جا رہی ہے کہ ان کی قیادت میں پاکستان اسپورٹس بورڈ کھیلوں کی ترقی اور ادارہ جاتی اصلاحات کے لیے مزید مؤثر کردار ادا کرے گا۔

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!