کلب آرگنائزرز کوچنگ میں آئیں، کلب کرکٹ مزید مضبوط ہوگی: خواجہ ندیم احمد
محمد اویس سرور نے پی سی بی لیول ون کوچنگ کورس مکمل کر لیا، سرٹیفکیٹ صدر لاہور ریجن نے پیش کیا

کلب آرگنائزرز کوچنگ میں آئیں، کلب کرکٹ مزید مضبوط ہوگی: خواجہ ندیم احمد
محمد اویس سرور نے پی سی بی لیول ون کوچنگ کورس مکمل کر لیا،
سرٹیفکیٹ صدر لاہور ریجن نے پیش کیا
رپورٹ: عابد حسین
لاہور: ساجد میموریل کرکٹ کلب کے صدر محمد اویس سرور نے کامیابی کے ساتھ پاکستان کرکٹ بورڈ کا لیول ون کوچنگ کورس مکمل کر لیا۔
اس موقع پر صدر لاہور ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن خواجہ ندیم احمد نے انہیں کامیابی کا سرٹیفکیٹ پیش کرتے ہوئے مبارکباد دی اور ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے خواجہ ندیم احمد نے کہا کہ کلب آرگنائزرز کا کوچنگ کے شعبے میں قدم رکھنا پاکستان میں کلب کرکٹ کے فروغ کے لیے انتہائی خوش آئند پیش رفت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کوچنگ اور انتظامی امور کا امتزاج نوجوان کرکٹرز کی بہتر فنی تربیت اور ان کی ہمہ جہت ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ کلب آرگنائزرز سال بھر کھلاڑیوں کے ساتھ براہِ راست کام کرتے ہیں، ان کی صلاحیتوں، خامیوں اور ضروریات سے بخوبی آگاہ ہوتے ہیں، اسی لیے وہ روایتی انداز سے بڑھ کر زیادہ مؤثر اور عملی کوچ ثابت ہو سکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ تعلیم یافتہ اور باصلاحیت کلب آرگنائزرز کی موجودگی اس امر کی ضمانت ہے کہ کلب کرکٹ محفوظ، مضبوط اور درست سمت میں آگے بڑھے گی۔
خواجہ ندیم احمد نے محمد اویس سرور کو ایک متحرک، تعلیم یافتہ اور وژن رکھنے والا کلب آرگنائزر قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ وہ اپنی حاصل کردہ کوچنگ مہارتوں سے نوجوان کرکٹرز کی فنی استعداد میں اضافہ کریں گے اور کلب کرکٹ کے معیار کو مزید بلند کرنے میں نمایاں کردار ادا کریں گے۔
اس موقع پر محمد اویس سرور نے اپنی کامیابی کو صدر لاہور ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن خواجہ ندیم احمد کی سرپرستی، اعتماد اور اپنے والدین کی دعاؤں کا ثمر قرار دیا۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ لیول ون کوچنگ کورس سے حاصل ہونے والے علم اور تجربے کو نوجوان کرکٹرز کی بہترین تربیت اور کلب کرکٹ کی ترقی کے لیے بھرپور انداز میں بروئے کار لائیں گے۔
محمد اویس سرور نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے کوچ ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایسے معیاری کوچنگ کورسز نہ صرف کوچز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ کرتے ہیں بلکہ ملک میں گراس روٹ لیول پر کرکٹ کے فروغ میں بھی بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔



