
آل پاکستان فل کنٹیکٹ کراٹے ٹریننگ کیمپ کالام 2026 کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر
پشاور( سپورٹس لنک رپورٹ) خیبر پختونخواہ فل کنٹیکٹ کراٹے ایسوسی ایشن کے زیرِ اہتمام، ڈائریکٹوریٹ آف سپورٹس خیبر پختونخواہ، کراون مائیکرو گلوبل اور
الخدمت فاونڈیشن کے تعاون سے سوات کے دلکش سیاحتی مقام مہوڈنڈ جھیل، کالام میں تین روزہ آل پاکستان فل کنٹیکٹ کراٹے ٹریننگ کیمپ کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا۔
ٹریننگ کیمپ کی قیادت انٹرنیشنل کراٹے ریفری، برانچ چیف WKO شن کیوکشن کائی پاکستان، شیہان صاحبزادہ الہادی نے کی، جبکہ ان کے ہمراہ شیہان خلیل الرحمان (کراچی)،بھی موجود تھے
دیگر معاونین میں سینسی خورشید شباب (چارسدہ)، سینسی فیضان منظور (لاہور)، سینسی شمس العارفین (پشاور)، سینسی اکرام اللہ (سوات), سینسی عنایت اللہ خان پشاور اور انس عالم (چارسدہ) نے بطور معاونین خدمات انجام دیں۔
25 جولائی کو کیمپ کے پہلے مرحلے کا انعقاد مہوڈنڈ جھیل کے خوبصورت ماحول میں کیا گیا، جہاں مرد و خواتین کھلاڑیوں اور ننھے ایتھلیٹس نے بھرپور جوش و خروش سے حصہ لیا۔
شرکائ کو فل کنٹیکٹ کراٹے کے جدید قوانین، تکنیکی مہارتوں اور مقابلہ جاتی اصولوں سے آگاہ کیا گیا۔ کھلاڑیوں اور کوچز نے خوشگوار موسم، ٹھنڈی ہواو ¿ں اور ہلکی بارش کے دوران پہاڑوں کی دلکش فضاو ¿ں میں عملی تربیت حاصل کی، جس نے کیمپ کو یادگار بنا دیا۔
26 جولائی کو شدید بارش کے باعث کیمپ کے دوسرے مرحلے کی تربیت ہوٹل ریور گرین، کالام میں منعقد کی گئی۔ اس سیشن میں مختلف جدید تکنیکوں، ڈسپلن،
کھیل کے بین الاقوامی قوانین اور پیشہ ورانہ طرزِ عمل پر خصوصی تربیت دی گئی تاکہ کھلاڑی مستقبل کے قومی و بین الاقوامی مقابلوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر سکیں۔
اختتامی تقریب میں امیر جماعت اسلامی کالام، شاہد شمشیر نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی اور نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں میں انعامات، میڈلز اور اسناد تقسیم کیں۔
انہوں نے منتظمین کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے نوجوانوں میں صحت مند سرگرمیوں کے فروغ کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔
تقریب کے اختتام پر چیف آرگنائزر شیہان صاحبزادہ الہادی نے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سپورٹس خیبر پختونخواہ کے نمائندے ڈاکٹر حضرت اللہ خٹک، کراون مائیکرو گلوبل اور الخدمت فاونڈیشن خیبر پختونخواہ شمالی کے صدر فضل محمود کا شاندار تعاون، بھرپور سرپرستی اور مہمان نوازی پر دلی شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی نوجوانوں کی مثبت سرگرمیوں اور فل کنٹیکٹ کراٹے کے فروغ کے لیے باہمی تعاون کا یہ سلسلہ مزید مضبوط ہوگا۔
یہ ٹریننگ کیمپ نہ صرف کھلاڑیوں کی فنی صلاحیتوں میں اضافے کا باعث بنا بلکہ قومی سطح پر مختلف شہروں سے آنے والے کھلاڑیوں، کوچز اور آفیشلز کے درمیان بھائی چارے، اتحاد اور کھیلوں کے فروغ کا ایک بہترین ذریعہ بھی ثابت ہوا۔



