
بگ بیش لیگ میں بڑا یوٹرن، غیرملکی کھلاڑیوں کی لازمی شرط ختم
آسٹریلیا کی مشہور بگ بیش لیگ نے آئندہ دو سیزنز کے لیے کھلاڑیوں کے انتخاب اور معاوضوں سے متعلق اہم تبدیلیاں متعارف کرا دی ہیں جس کے تحت ٹیموں کے لیے غیرملکی کھلاڑی رکھنا اب لازمی نہیں ہوگا۔
نئے نظام میں غیرملکی کھلاڑیوں کے لیے مخصوص اوورسیز کیٹیگری ختم کردی گئی ہے۔ اس سے قبل ہر ٹیم کے لیے کم از کم 2 سے 3 غیرملکی کھلاڑی اسکواڈ میں شامل کرنا ضروری تھا، جبکہ ایک غیرملکی کرکٹر کو گولڈ یا پلاٹینم کیٹیگری میں رکھنے کی شرط بھی موجود تھی۔
نئی پالیسی کے تحت یہ پابندی بھی ختم کردی گئی ہے۔ پہلے گولڈ کیٹیگری کے کھلاڑی کو 3 لاکھ ڈالر جبکہ پلاٹینم کیٹیگری والے کرکٹر کو 4 لاکھ 20 ہزار ڈالر تک معاوضہ دیا جاتا تھا۔
بی بی ایل نے کھلاڑیوں کے انتخاب کے لیے ڈرافٹ سسٹم بھی ختم کرکے اوپن مارکیٹ متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے کلبز کے لیے کنٹریکٹ ونڈو کھولنے کی بھی تیاری کی جارہی ہے۔
نئے فارمیٹ کا ایک اہم پہلو لوکل کھلاڑیوں کے لیے مالی مواقع بڑھانا ہے۔ گزشتہ قوانین کے تحت ہر ٹیم کے ٹاپ 6 مارکی پلیئرز کے لیے مجموعی طور پر 17 لاکھ ڈالر کی حد مقرر تھی، تاہم اگلے سیزن میں مارکی پلیئرز کی تعداد 6 سے کم کرکے 4 کردی جائے گی۔
آفیشلز کے مطابق نئے نظام سے اعلیٰ معیار کے کھلاڑیوں کو اپنی خدمات کے عوض زیادہ معاوضہ حاصل کرنے کا موقع ملے گا، چاہے وہ آسٹریلیا سے ہوں یا کسی دوسرے ملک سے۔



