کرکٹ

پی سی بی کا بڑا ایکشن،لارڈز ٹیسٹ کے بعد 7 کھلاڑی آؤٹ، سرفراز اور عمر گل بھی فارغ

پی سی بی اِن ایکشن: لارڈز ٹیسٹ کے بعد 7 قومی کرکٹرز ریلیز، سرفراز احمد اور عمر گل بھی فارغ

لندن میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی کی سربراہی میں ہونے والی میٹنگ میں اہم فیصلے کرلیے گئے ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے لارڈز ٹیسٹ کے اختتام کے بعد قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں کرتے ہوئے 7 کھلاڑیوں کو ریلیز کردیا،

جبکہ تیسرے ٹیسٹ کے لیے 7 نئے کھلاڑیوں کو ٹیم میں شامل کرلیا گیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق لارڈز ٹیسٹ کے بعد محمد رضوان، امام الحق، سلمان علی آغا، علی عثمان، عامر جمال، محمد اویس ظفر اور خرم شہزاد کو ٹیسٹ اسکواڈ سے ریلیز کردیا گیا ہے۔

ان کھلاڑیوں کی جگہ سات نئے کھلاڑیوں کو قومی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے، جن میں پانچ ایسے کھلاڑی شامل ہیں جنہوں نے ابھی تک پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں ڈیبیو نہیں کیا۔

نئے شامل ہونے والے کھلاڑیوں میں صائم ایوب اور عبداللہ فضل پہلے ہی ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں۔ صائم ایوب 8 جبکہ عبداللہ فضل 2 ٹیسٹ میچز کھیل چکے ہیں۔

دیگر کھلاڑیوں میں لیفٹ آرم اسپن بولنگ آل راؤنڈر عرفات منہاس بھی شامل ہیں، جو پاکستان کی جانب سے 3 ون ڈے اور 4 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیل چکے ہیں۔

ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل کیے جانے والے دیگر کھلاڑیوں میں لیفٹ آرم فاسٹ بولر محمد عمران جونیئر، وکٹ کیپر بیٹر سعد بیگ، رائٹ آرم پیس بولنگ آل راؤنڈر محمد عمران المعروف عمران رندھاوا اور رضاللہ شامل ہیں۔

سعد بیگ نے قائداعظم ٹرافی 2025-26 میں پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کا اعزاز حاصل کیا تھا۔تمام نئے کھلاڑی انگلینڈ کے خلاف تیسرے اور آخری ٹیسٹ سے قبل قومی اسکواڈ کو جوائن کریں گے۔

دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹیم مینجمنٹ میں بھی بڑی تبدیلیاں کردی ہیں۔ سرفراز احمد اور عمر گل کو بیک روم اسٹاف سے ریلیز کردیا گیا ہے، جبکہ ان کی جگہ مائیک ہیسن اور ایشلے نوفکے ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔

برمنگھم ٹیسٹ کے لیے پاکستان کے اپ ڈیٹڈ اسکواڈ : بابر اعظم بطور کپتان، عبداللہ فضل، عبداللہ شفیق، عرفات منہاس، اذان اویس، محمد عباس، محمد علی، محمد عمران، محمد عمران جونیئر، محمد غازی غوری، رضاللہ، سعد بیگ، صائم ایوب، ساجد خان، سعود شکیل، شان مسعود اور عبید شاہ شامل ہیں۔

لارڈز ٹیسٹ میں شکست کے بعد پی سی بی نے برمنگھم ٹیسٹ سے قبل کھلاڑیوں اور ٹیم مینجمنٹ دونوں میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں کرکے قومی ٹیم کو نئی شکل دے دی ہے۔

واضح رہے انگلینڈ نے لارڈز ٹیسٹ میں پاکستان کو 194 رنز سے شکست دے کر سیریز میں دو صفر کی ناقابل شکست برتری حاصل کر لی ہے۔

قومی ٹیم 389 رنز کے تعاقب میں 194 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔ اس سے قبل لیڈز میں کھیلے جانے والے ٹیسٹ میں بھی انگلینڈ نے پاکستان کو اننگ اور 103 رنز سے شکست دی تھی۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تسیرا اور آخری ٹیسٹ میچ 9 ستمبر سے برمنگھم میں شروع ہوگا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
error: Content is protected !!