
ایشین منی فٹبال چیمپئن شپ: پاکستان نے بھارت کو 5-0 سے شکست دے دی
اسلام آباد (پی پی اے): پاکستان کی قومی منی فٹبال ٹیم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایشین منی فٹبال چیمپئن شپ 2026 کے میچ میں روایتی حریف بھارت کو 5-0 سے شکست دے دی۔
پاکستان کو چیمپئن شپ کے ابتدائی گروپ میچز میں متحدہ عرب امارات، شام اور ازبکستان کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا، تاہم ٹیم نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے جاپان کے خلاف 3-2 سے کامیابی حاصل کی اور اس کے بعد بھارت کو 5-0 سے آؤٹ کلاس کر دیا۔
پاکستانی ٹیم نے ابتدائی میچز میں بھی گیند پر بہتر گرفت اور جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا، تاہم مواقع ملنے کے باوجود انہیں گول میں تبدیل نہ کیا جا سکا۔ جاپان اور بھارت کے خلاف فتوحات نے ٹیم کی مضبوط واپسی کا مظاہرہ کیا۔
پاکستان منی فٹبال فیڈریشن کے صدر اور چیمپئن شپ کی تادیبی کمیٹی کے چیئرمین مبشر سنجرانی نے ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ مجموعی کارکردگی حوصلہ افزا رہی، تاہم ابتدائی گروپ میچز میں شکستوں نے پاکستان کی پیش رفت کو متاثر کیا۔
انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں نے بھرپور عزم کے ساتھ مقابلہ جاری رکھا اور جاپان و بھارت کے خلاف کامیابیاں حاصل کیں۔ مبشر سنجرانی نے قومی ٹیم کی معاونت اور تعاون پر تمام اسپانسرز کا بھی شکریہ ادا کیا۔
منی فٹبال پاکستان میں نوجوانوں میں تیزی سے مقبول ہونے والا کھیل ہے، جس میں ہر ٹیم کے چھ کھلاڑی میدان میں کھیلتے ہیں اور یہ روایتی فٹبال کے مقابلے میں تیز رفتار اور مختصر طرز کا کھیل ہے۔
پاکستان کی جاپان اور بھارت کے خلاف فتوحات نے جکارتہ میں اس کی مہم کا مثبت اختتام کیا ہے



