پاکستان کے نوجوان اسکواش اسٹارز ایکشن میں، کراچی میں چیمپئن شپ شروع
پہلے روز سندھ کی ایمن نے نمبر تین سیڈ مناحل کو اپ سیٹ کر دیا،سندھ کے متعدد کھلاڑی کامیاب

پانچویں میکڈونلڈ نیشنل جونیئر اسکواش چیمپئن شپ کراچی میں شروع ہوگئی
پہلے روز سندھ کی ایمن نے نمبر تین سیڈ مناحل کو اپ سیٹ کر دیا،سندھ کے متعدد کھلاڑی کامیاب
کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ) سندھ اسکواش ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام پانچویں میکڈونلڈز نیشنل جونیئر اسکواش چیمپئن شپ گزشتہ روز کراچی میں شروع ہو گئی۔
پہلے روز گرلز انڈر19میں ان سیڈسندھ کی ایمن فاطمہ نے نمبر تین سیڈ مناحل عقیل کو شکست دے دی۔آٹھ لاکھ روپے مالیت کی انعامی رقم کی حامل چیمپئن شپ وینس جہانگیر خان اسکواش اکیڈمی، پی ایس بی کوچنگ سینٹر کراچی میں جاری ہے۔
سندھ اسکواش ایسوسی ایشن کے سیکریٹری نوید رحمان کے مطابق چیمپئن شپ میں بوائز انڈر 9، بوائزانڈر 11، بوائزانڈر 15 اور گرلز انڈر 19 کیٹیگریز کے مقابلے شامل ہیں۔
گرلز انڈر 19 کے مقابلوں میں ان سیڈڈ سندھ کی ایمن فاطمہ نے نمبر تین سیڈ کے پی کی مناحل عقیل کوبا آسانی3-0سے شکست دے کر اپ سیٹ کر دیا۔ان کی جیت کا سیٹ اسکور 11-4،11-5اور11-5رہا۔واپڈا کی آمنہ ملک نے سندھ کی سطوت زہرا کو زیر کیا
جبکہ سندھ کی سمرِدھی، یسریٰ راشد، ویشناوی، حبیبہ خان، دامیہ خان اور زنیرا عمران اور خیبر پختونخوا کی رانیہ قاضی نے بھی کامیابی حاصل کر کے دوسرے راؤنڈ میں جگہ بنالی۔
بوائز انڈر 9 کیٹیگری میں پنجاب کے عبد الہادی فرزان نے سندھ کے عماد ناصر کو ہرا دیا جبکہ محمد ریان باجوہ، محمد ابراہیم، مصطفیٰ مبین خلیل، محمد مائر، یزدان احمد خان، محمد شہریار علی، محمد نذیر ملک، محمد حمزہ خان، جانشیر خالد خان اور ارحم ظہیر نے بھی اپنے میچز جیت لئے۔
بوائز انڈر 11 میں خیبر پختونخوا کے عاطف علی ناز نے سندھ کے محب خان کو شکست دی جبکہ شاہ زیب احمد، محمد مصطفیٰ مہبیر، عمر نجیب، محمد طلحہ، مجتبیٰ راؤ، محمد ابان نے بھی پہلے راؤنڈ میں کامیابی سمیٹ لی۔
دوسری جانب بوائز انڈر 15 کیٹیگری میں سہیل عدنان، ایان محبوب، عبدالرحمٰن نجیب، عبدالرحمٰن شرائم، محمد جاسم، فیضان علی خان، فواد خان، فہد خان اور دیگر جیت گئے۔



