تین ملکی ون ڈے سیریز، ٹیموں کی آمد، ٹرافی رونمائی اور ٹریننگ شیڈول جاری
انگلینڈ ٹیم جمعہ کو اسلام آباد پہنچے گا، شاہین آفریدی، ہیری بروک اور کوشل مینڈس 17 اکتوبر کو ٹرافی کی رونمائی کریں گے

تین ملکی ون ڈے سیریز، ٹیموں کی آمد، ٹرافی رونمائی اور ٹریننگ شیڈول جاری
اسلام آباد (نوازگوھر) – پاکستان میں کرکٹ کا ایک اور بڑا میلہ سجنے کو تیار ہے۔ تین ملکی ون ڈے سیریز کے لیے ٹیموں کی آمد کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے، ٹرافی کی رونمائی اور ٹریننگ شیڈول بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق تین ملکی ون ڈے سیریز میں پاکستان، سری لنکا اور انگلینڈ کی ٹیمیں مدمقابل آئیں گی۔ سری لنکن اسکواڈ اسلام آباد پہنچ چکا ہے جبکہ انگلینڈ کا 16 کھلاڑیوں سمیت 33 رکنی وفد جمعہ کی صبح اسلام آباد پہنچے گا، جہاں ٹیم تین ملکی سیریز میں شرکت کے لیے اپنی تیاریوں کا آغاز کرے گی۔
دوسری جانب پاکستان ون ڈے سکواڈ میں شامل سات کھلاڑی اسلام آباد کے مقامی ہوٹل پہنچ گئے اور پاکستان ون ڈے ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے سکواڈ جوائن کرلیا ،دیگر کھلاڑیوں میں بابر اعظم، فہیم اشرف، سلمان علی آغا، حارث رؤف، سعد بیگ اور غازی غوری شامل ھیں ،
تین ملکی سیریز سے قبل پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں 15 اور 16 اکتوبر کو راولپنڈی میں پریکٹس کریں گی، جہاں کھلاڑی میچز کی تیاری کے لیے تربیتی سیشنز میں حصہ لیں گے، دونوں ٹیموں کی پریکٹس سیریز سے قبل تیاریوں کے سلسلے میں اہم ہوگی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق تین ملکی ون ڈے سیریز کی ٹرافی کی رونمائی 17 اکتوبر کو ہوگی۔ اس تقریب میں پاکستان کے شاہین آفریدی، انگلینڈ کے ہیری بروک اور سری لنکا کے کوشل مینڈس شرکت کریں گے اور ٹرافی کی رونمائی کریں گے۔
شیڈول کے مطابق پاکستان، انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان ون ڈے ٹرائی سیریز 18 اکتوبر سے شروع ہوگی۔ راولپنڈی میں ٹرائی سیریز کے میچز 18، 20 اور 22 اکتوبر کو ہوں گے۔ ٹرائی سیریز کا فائنل 31 اکتوبر کو لاہور میں کھیلا جائے گا۔
پاکستان، سری لنکا اور انگلینڈ کی شرکت سے ہونے والی یہ سیریز کرکٹ شائقین کے لیے اہم مقابلوں کا موقع فراہم کرے گی، ٹیموں کی آمد، پریکٹس سیشنز اور ٹرافی کی رونمائی کے ساتھ سیریز کی سرگرمیاں تیزی سے آگے بڑھ رہی ہیں۔
سیریز کے لیے تینوں ٹیموں کی تیاریوں اور اہم سرگرمیوں کا شیڈول جاری ہونے کے بعد شائقین کی نظریں اب میدان میں ہونے والے مقابلوں پر مرکوز ہیں۔



