
سلطان آف جوہر ہاکی ٹورنامنٹ کیلئے قومی جونئیر ہاکی ٹیم کا اعلان
اسلام آباد : پاکستان ہاکی فیڈریشن نے 13ویں سلطان آف جوہر کپ کے لیے پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم اور آفیشلز کا اعلان کر دیا ہے۔
ایونٹ 11 اکتوبر سے ملائیشیا میں شروع ہوگا اور قومی ٹیم 8 اکتوبر کو جوہر پہنچے گی۔ اس ٹورنامنٹ میں 6 بین الاقوامی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی جن میں پاکستان، بھارت، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، برطانیہ اور میزبان ملائیشیا شامل ہیں۔
پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم کے آفیشلز میں ہیڈ کوچ کامران اشرف، اسسٹنٹ کوچز یاسر اسلام اور محمد اظفر یعقوب، ویڈیو اینالسٹ سید ابوزر عمراؤ اور فزیو تھراپسٹ عدیل اختر شامل ہیں۔
ٹیم کے کھلاڑیوں میں گول کیپرز علی رضا اور محمد فیضان جنجوہ جب کہ فیلڈ پلیئرز میں محمد سفیان خان، محمد وسیم، سمیع اللہ، محمد ندیم خان، ذکریا حیات، عقیل احمد، محمد عماد، عبدالحنان شاہد، علی مرتضیٰ، رانا محمد ولید اشرف، حمزہ فیاض، عبدالقئوم، محمد عثمان اشرف، بشارت علی، محمد شاہیر اور سیف اللہ شامل ہیں۔ ریزرو کھلاڑیوں میں یاسر سناور اور محمد حسن کو شامل کیا گیا ہے۔
ٹورنامنٹ کے شیڈول کے مطابق پاکستان اپنا پہلا میچ 11 اکتوبر کو میزبان ملائیشیا کے خلاف کھیلے گا، دوسرا میچ 12 اکتوبر کو برطانیہ سے ہوگا، تیسرا بڑا معرکہ 14 اکتوبر کو روایتی حریف بھارت کے خلاف شیڈول ہے۔ چوتھا میچ 15 اکتوبر کو نیوزی لینڈ اور پانچواں میچ 17 اکتوبر کو آسٹریلیا کے خلاف کھیلا جائے گا۔
تمام مقابلے راؤنڈ رابن لیگ سسٹم کے تحت ہوں گے، جس کے بعد ٹیموں کی پوزیشن کے مطابق فائنل اور دیگر پوزیشن میچز کھیلے جائیں گے۔ ہاکی کے حلقوں میں اس ٹورنامنٹ کو نوجوان کھلاڑیوں کے لیے اہم موقع قرار دیا جا رہا ہے تاکہ وہ بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکیں۔



