ہاکی

اولمپئین انجم سعید کو ایف آئی ایچ پرو لیگ کے لیے پاکستان ہاکی ٹیم کا منیجر مقرر کر دیا گیا

اولمپئین انجم سعید کو ایف آئی ایچ پرو لیگ کے لیے پاکستان ہاکی ٹیم کا منیجر مقرر کر دیا گیا

لاہور: طاہر لطیف ; پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ایک اہم فیصلہ کرتے ہوئے سابق اولمپئین انجم سعید کو FIH پرو لیگ کے لیے پاکستان ہاکی ٹیم کا نیا منیجر تعینات کر دیا ہے۔

انجم سعید اس سے قبل پاکستان ہاکی فیڈریشن کی سلیکشن کمیٹی کے رکن کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں، جبکہ مختلف کوچنگ کلینکس کے ذریعے نوجوان کھلاڑیوں کی تربیت اور رہنمائی میں بھی فعال کردار ادا کیا۔

انجم سعید 1992 کے بارسلونا اولمپکس میں کانسی کا تمغہ جیتنے والی قومی ٹیم کے رکن تھے، جبکہ 1990 کے ایشین گیمز میں پاکستان کو گولڈ میڈل دلانے والی ٹیم میں بھی شامل تھے۔ کھلاڑی اور کوچ دونوں حیثیتوں میں ہاکی کے ساتھ ان کا گہرا اور دیرینہ تعلق نمایاں کارکردگی کا عکاس ہے۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے مطابق، انجم سعید کی تعیناتی کا بنیادی مقصد قومی ٹیم کے نظم و ضبط کو بہتر بنانا، پروفیشنل مینجمنٹ فراہم کرنا اور ایف آئی ایچ پرو لیگ میں ٹیم کو بہتر نتائج کے لیے تجربہ کار قیادت مہیا کرنا ہے۔

یہ بھی قابل ذکر ہے کہ انجم سعید اس عظیم فیملی سے تعلق رکھتے ہیں جس نے پاکستان ہاکی کے لیے چار اولمپئین پیدا کیے، جو ان کے شاندار ورثے کی علامت ہے۔

اکتوبر 2024 میں انہیں نیشنل جونیئر ہاکی چیمپئن شپ کے ڈائریکٹر کی ذمہ داری دی گئی، جبکہ 2023 میں انہیں پاکستان ہاکی فیڈریشن کی نئی سلیکشن کمیٹی میں شامل کیا گیا تھا۔

قومی ہاکی حلقوں نے انجم سعید کی بطور منیجر تقرری کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ ان کا تجربہ اور قیادت ایف آئی ایچ پرو لیگ میں پاکستان ٹیم کی کارکردگی کو نئی کامیابیوں سے ہمکنار کرے گا۔

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!