نیشنل گیمز ہاکی:مینز ایونٹ آرمی اور ویمنز ایونٹ واپڈا کے نام رہا

نیشنل گیمز ہاکی:مینز ایونٹ آرمی اور ویمنز ایونٹ واپڈا کے نام رہا
مینز کے فائنل میں سنسنی خیز مقابلہ،آرمی کے محمد اویس کے دو گول،
صدر پی او اے عارف سعید مہمان فائنل کے مہمان خصوصی تھے
کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ) 35ویں قومی نیشنل گیمز ہاکی مینز کا ٹائٹل پاکستان آرمی اور ویمنز کا ٹائٹل واپڈا کے نام رہا۔فائنل اور اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر عارف سعید تھے
جنہوں نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری رانا مجاہد علی خان کے ہمراہ میڈلز اور انعامات تقسیم کئے۔اس موقع پرسابق اولمپین شہباز احمد سینئر، آرگنائزنگ سیکرٹری رمضان جمالی، ٹورنامنٹ ڈائریکٹر دانش کلیم،
میڈیا کوآرڈینیٹر انٹرنیشنل محمد علی، کامران شریف، محمد اسلم خان نیازی، اصغر ملک اعوان، راحت خان،شاہین فاطمہ، ابوذر امراؤ، فاروق خان، محمد محفوظ مکانی،عظمت پاشا، غلام مرتضیٰ ڈھوٹ،منور حسین، ندیم الحسن اور دیگر بھی موجود تھے۔
ہاکی فائنل گزشتہ روز کے ایچ اے ہاکی اسٹیڈیم میں کھیلا گیا جس میں سخت اور سنسنی خیز مقابلہ دیکھنے کو ملا۔مینز کے فائنل میں پاکستان آرمی نے پاکستان نیوی کوسنسنی خیز مقابلے کے بعد 2-1سے شکست دی۔
محمد اویس آرمی کے ہیرو ثابت ہوئے جنہوں نے دو گول اسکور کئے۔پہلے اور دوسرے کوارٹر میں کوئی بھی ٹیم گو ل اسکور نہیں کر سکی تھی،تیسرے کوارٹر میں آرمی کے محمد اویس نے45ویں منٹ پر پنالٹی کارنر پر گول اسکور کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلائی،
چوتھے اور آخری کوارٹر میں کھیل کی تیزی عروج پر پہنچ گئی اور دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کے گول پوسٹ پر پے در پے حملے جاری رکھے،اسی دوران نیوی نے 54ویں منٹ پر عیسیٰ خان کے خوب صورت فیلڈ گول کی بدولت میچ برابر کر دیا،تاہم آرمی نے آخری پانچ منٹ میں گول پر قبضہ برقرار رکھتے ہوئے کئی مووز بنائیں
جس کے نتیجے میں 58ویں منٹ پر محمداویس نے فیلڈ گول کے ذریعے ایک بار پھر آرمی کو برتر ی دلادی جو فائنل کے اختتام تک برقرار رہی۔ دوسری جانب ویمنز کے فائنل میں واپڈا نے پنجاب کو 2-1سے ہرا کر گولڈ میڈل حاصل کیا۔
ویمنز فائنل اوراختتامی تقریب کے مہمان خصوصی آرمی اسپورٹس بورڈ کے بریگیڈئر ظفر عباسی تھے۔اس سے قبل مردوں میں واپڈا نے ائر فورس کو شکست دے کر تیسری پوزیشن حاصل کی جبکہ ویمنز میں سندھ نے تیسری پوزیشن پائی۔



