نیشنل گیمز:شوٹنگ ایونٹ پاکستان آرمی نے 17گولڈ میڈلز کے ساتھ جیت لیا

نیشنل گیمز:شوٹنگ ایونٹ پاکستان آرمی نے 17گولڈ میڈلز کے ساتھ جیت لیا
کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ) نیشنل گیمز کا شوٹنگ ایونٹ پاکستان آرمی نے17گولڈ میڈلز کے ساتھ جیت لیا جبکہ نیوی نے15گولڈ میڈلزکے ساتھ دوسری پوزیشن حاصل کی۔
پاکستان نیوی کارساز شوٹنگ رینج پر گزشتہ روز نیشنل گیمز کے شوٹنگ ایونٹ کا اختتام ہو گیا۔آرمی نے17گولڈ،16سلور اور 5برانز میڈلز کے ساتھ پہلی جبکہ نیو ی نے 15گولڈ،12سلور اور 13برانز میڈلز کے ساتھ دوسری پوزیشن حاصل کی۔
پی ااے ایف نے تین سلور اور آٹھ برانز،سندھ نے ایک گولڈ اور دو سلور جبکہ ایچ ای سی نے چار برانز میڈل حاصل کئے۔
آخری روز6گولڈ میڈلز کا فیصلہ ہوا۔50میٹرز رائفل پی تھری مینز میں پاکستا ن نیوی کے عاقب لطیف نے گولڈ،نیوی کے محمد عثما ن نے سلور اور نیوی ہی کے غفران عادل نے برانز میڈل جیتا۔
ٹیم پوزیشن میں آرمی نے گولڈ،نیوی نے سلور اور پی اے ایف نے برانز میڈل حاصل کیا۔25میٹرز سینٹر رائفل پسٹل میں آرمی کے عمر فاروق نے گولڈ جبکہ نیو ی کے شوٹرز مقبول حسین اور عبدالقدوس نے سلور اور برانز میڈل پر اکتفا کیا۔
ٹیم ایونٹ میں نیوی نے گولڈ،آرمی نے سلور اور پی اے ایف نے برانز میڈل اٹھایا۔ڈبل ٹریپ میں آرمی کے لیفٹننٹ کرنل فرخ ندیم نے گولڈ،کرنل (ر)عامر اقبال نے سلور اور نیوی کے عبید اللہ نے برانز میڈل جیتا جبکہ ٹیم ایونٹ میں آرمی نے گولڈ،نیو ی نے سلور اور پی اے ایف نے برانز میڈل جیتا۔


