
پی سی بی نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کیلئے ابتدائی اسکواڈ کا اعلان کر دیا
ویب ڈیسک: پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے لیے ابتدائی 15 رکنی اسکواڈ کے نام انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو ارسال کر دیے ہیں۔
ذرائع کے مطابق، پی سی بی 31 جنوری تک اسکواڈ میں تبدیلی کر سکتا ہے، تاہم اس کے بعد کسی بھی تبدیلی کے لیے آئی سی سی کی ٹیکنیکل کمیٹی سے اجازت ضروری ہوگی۔ ابتدائی اسکواڈ کے ساتھ ریزرو کھلاڑیوں کے نام بھی آئی سی سی کو بھیجے گئے ہیں۔
پی سی بی سری لنکا کے خلاف سیریز کے بعد ورلڈ کپ اور آسٹریلیا کے ساتھ سیریز کے اسکواڈ کا اعلان کرے گا، اور سیریز میں ایک سے دو کھلاڑیوں کی پرفارمنس کو مدنظر رکھ کر فیصلے کیے جائیں گے۔
ابتدائی ناموں میں دورہ سری لنکا کے کھلاڑیوں کیساتھ بابر اعظم، شاہین آفریدی اور حارث رؤف کے نام بھی شامل ہیں۔
سری لنکا کے خلاف سیریز میں منتخب کھلاڑی:
سلمان علی آغا (کپتان)، عبدالصمد، ابرار احمد، فہیم اشرف، فخر زمان، خواجہ محمد نافع، محمد نواز، محمد سلمان مرزا، محمد وسیم جونیئر، نسیم شاہ، صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب، شاداب خان، عثمان خان، عثمان طارق۔
واضح رہے کہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 7 فروری سے بھارت اور سری لنکا میں شیڈول ہے۔ پاکستان اپنی تمام میچز سری لنکا میں کھیلے گا۔



