
پاکستان کی تاریخ میں سب سے بڑی انعامی رقم کا اسکواش ٹورنامنٹ 6 جنوری سے شروع ہوگا،
چیئرمین سندھ اسکواش ایسوسی ایشن و سابق عالمی چیمپین جہانگیر خان اور ٹورنامنٹ ڈائریکٹر عدنان اسد کی میڈیا بریفنگ
سندھ حکومت کی جانب سے ایونٹ کے لیے دو لاکھ ڈالر کی گرانٹ قابل قدر ہے جس پر وزیر اعلیٰ سندھ کے شکر گزار ہیں ۔۔جہانگیر خان
کراچی۔ ڈی ایچ اے کریک کلب میں سندھ اسکواش ایسوسی ایشن کے چیئرمین جہانگیر خان اور ایونٹ ڈائریکٹر عدنان اسد نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ 2 لاکھ 42 ہزار ڈالرز کی انعامی رقم کا کراچی اوپن انٹرنیشنل اسکواش ٹورنامنٹ 11 جنوری تک کھیلا جائے گا،
6 روزہ ٹورنامنٹ میں مینز اور ویمن ایونٹ کے مقابلے ہوں گے،ہر ایونٹ میں ایک لاکھ 20 ہزار 5سوڈالر کی مساوی رقم رکھی گئی ہے،پی ایس اے کے ورلڈ ٹور کے گولڈ ایونٹ میں دنیا کے معروف مرد اورخواتین کھلاڑی شرکت کریں گے،
پہلے ٹاپ 8،8کھلاڑیوں کو بائی ملے گی اور وہ براہ راست دوسرے راؤنڈ میں شرکت کے حقدار ہوں گے، مینز ایونٹ میں عالمی نمبر4مصر کے کریم جواد ٹاپ سیڈ ہیں،مصر ہی کے عالمی نمبر 7 مروان الشورباگے سیڈ2کھلاڑی ہوں گے،
ایونٹ میں پاکستان کے4کھلاڑی بھی شریک ہوں گے،عالمی انڈر23 چیمپین و عالمی نمبر 38 نور زمان اورعالمی نمبر47 محمد اشعد عرفان براہ راست ایونٹ کا حصہ ہیں،
سابق قومی چیمپین ناصراقبال اور طیب اسلم کو وائلڈ کارڈ انٹری دی گئی ہے،ویمن ایونٹ میں عالمی نمبر 4 مصر کی امینہ عرفی ٹاپ سیڈ ہیں، ملائیشیا کی عالمی نمبر7 سیوا سانگری سیڈ2ہوں گی،
2 پاکستانی خواتین کھلاڑیوں سماعت و قوت گوائی سے محروم ثنا بہادر اور مریم ملک کو وائلڈ کارڈ انٹری دی گئی ہے، دوسری جانب بھارت نے دوسرے کھیلوں کی طرح اسکواش میں بھی سیاست کو شامل کردیا،
بھارتی مرد اورخواتین کھلاڑیوں نے انٹری نہیں کرائی، 4 مرد کھلاڑی ابھے سنگھ،ا میت ٹنڈن، وید چھوٹرانی اور ویلا وان سینتھی کمارشامل ہیں، خاتون کھلاڑی عالمی نمبر 28 انابت سنگھ بھی ٹورنامنٹ میں شریک نہیں ہوں گی،
اگلے برس پلاٹینم ایونٹ بن جائے گا،دس لاکھ ڈالرز کی ریکارڈ انعامی رقم رکھی جائے گی، دریں اثنا ایک سوال کے جواب میں اسکواش لیجنڈ جہانگیر خان نے کہا کہ کھیل میں پاکستان کا کھویا ہوا عالمی مقام دوبارہ حاصل کرنے کے لیے کوشاں ہیں،
کراچی اوپن انٹرنیشنل اسکوائش ٹورنامنٹ کا انعقاد تاریخی اقدام ہے،اس ضمن میں سندھ حکومت خاص طور پر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کے بھرپور تعاون پر شکر گزار ہیں،
سندھ حکومت کی جانب سے ایونٹ کے لیے دو لاکھ ڈالر کی گرانٹ قابل قدر ہے،انٹرنیشنل ٹورنامنٹ کے پرامن انداز میں انعقاد سے پاکستان کا مثبت تاثر ابھر کر سامنے آئے گا،
نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کے لیے عملی اقدامات کرنے ہوں گے،عالمی سطح پر اسکواش کے فروغ کے لیے خدمات انجام دے رہا ہوں، پاکستان میں اسکواش کے لیے میری خدمات حاضر ہیں،
اگلے اولمپکس میں اسکواش کی شمولیت قابل تحسین اقدام ہے،کھیلوں کو سیاست سے دوررکھنا چاہیے،عالمی رینکنگ کے حامل بھارتی کھلاڑیوں کو بھی انٹرنیشنل ٹورنامنٹ میں شرکت کرنے کے لیے پاکستان آنا چاہیے تھا۔



