
ساف انڈر 20 فٹبال: روایتی حریف پاکستان اور بھارت کا بڑا مقابلہ ہوگا
کھیل کے میدان میں ایک بار پھر پاکستان اور بھارت کی روایتی رقابت دیکھنے کو ملنے والی ہے، جہاں دونوں ممالک کی انڈر 20 فٹبال ٹیمیں ساف انڈر 20 فٹبال چیمپین شپ کے دوران مدِمقابل آئیں گی۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق یہ مقابلہ 26 مارچ کو مالدیپ کے نیشنل فٹبال اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، جسے ٹورنامنٹ کا سب سے زیادہ توجہ حاصل کرنے والا میچ قرار دیا جا رہا ہے۔
سیاسی کشیدگی کے باعث طویل عرصے سے کھیلوں کے میدان میں پاکستان اور بھارت کے مقابلے کم دیکھنے میں آ رہے تھے، تاہم ساف انڈر 20 فٹبال چیمپین شپ نے ایک بار پھر دونوں روایتی حریفوں کو آمنے سامنے لا کھڑا کیا ہے۔
یہ ٹورنامنٹ 23 مارچ سے 4 اپریل تک مالدیپ کی میزبانی میں منعقد ہو رہا ہے، جس میں جنوبی ایشیا کے سات ممالک کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔
ٹورنامنٹ کے گروپ مرحلے میں ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔
گروپ اے میں میزبان مالدیپ کے ساتھ نیپال، بھوٹان اور سری لنکا شامل ہیں جب کہ گروپ بی میں دفاعی چیمپین بھارت، پاکستان اور بنگلا دیش کو رکھا گیا ہے۔ گروپ بی کو خاص طور پر سخت تصور کیا جا رہا ہے کیونکہ تینوں ٹیمیں مضبوط سمجھی جاتی ہیں۔
پاکستانی ٹیم ٹورنامنٹ میں اپنا پہلا گروپ میچ 24 مارچ کو بنگلا دیش کے خلاف کھیلے گی، جس کے بعد 26 مارچ کو روایتی حریف بھارت سے ٹکراؤ ہوگا۔ یہ مقابلہ نہ صرف گروپ کی پوزیشن کے لیے اہم ہوگا بلکہ دونوں ممالک کے فٹبال شائقین کے لیے بھی غیر معمولی دلچسپی کا باعث بنے گا۔
ٹورنامنٹ کے فارمیٹ کے مطابق دونوں گروپس کی ٹاپ دو ٹیمیں یکم اپریل کو کھیلے جانے والے سیمی فائنلز کے لیے کوالیفائی کریں گی، جبکہ فائنل مقابلہ 3 اپریل کو ہوگا۔
اس فارمیٹ کے باعث اس بات کا امکان بھی موجود ہے کہ پاکستان اور بھارت نہ صرف گروپ مرحلے بلکہ سیمی فائنل یا فائنل میں بھی ایک بار پھر آمنے سامنے آ جائیں، یوں دونوں ٹیمیں تین مرتبہ بھی مدِمقابل آ سکتی ہیں۔



