
آسٹریلیا کیخلاف ون ڈے سیریز کیلئے پاکستانی ٹیم کا تربیتی کیمپ 15 مئی سے شروع ہوگا
لاہور ; پاکستانی کرکٹ ٹیم کی آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز کی تیاریوں کے لیے تربیتی کیمپ 15 مئی سے شروع ہوگا، جس کے لیے 28 کھلاڑیوں کو طلب کر لیا گیا ہے۔
نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں 15 سے 21 مئی تک جاری رہنے والے وائٹ بال کیمپ میں کھلاڑی ٹریننگ سیشنز اور پریکٹس میچز میں حصہ لیں گے۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز پر مشتمل سیریز 30 مئی سے 4 جون تک راولپنڈی اور لاہور میں کھیلی جائے گی۔
کیمپ کی نگرانی این سی اے کوچنگ اسٹاف، پاکستان مینز وائٹ بال ٹیم کے کوچنگ اسٹاف کے ساتھ مل کر کرے گا۔ انڈر 19 فاسٹ بولرز عبدالسبحان اور علی رضا کو بھی کیمپ میں شامل کیا گیا ہے۔
کیمپ کے لیے طلب کیے گئے کھلاڑیوں میں عامر جمال، عبدالصمد، ابرار احمد، احمد دانیال، عاکف جاوید، عرفات منہاس، فیصل اکرم، فخر زمان، حیدر علی، حمزہ نذر، حارث رؤف، حنین شاہ، خواجہ محمد نافع، معاذ صداقت، مہران ممتاز،
محمد فائق، محمد حسنین، محمد سلمان مرزا، نسیم شاہ، سعد بیگ، سعد مسعود، صاحبزادہ فرحان، شاداب خان، شامل حسین، سفیان مقیم اور عثمان خان شامل ہیں۔



