کرکٹ

پاکستان ٹیسٹ ٹیم اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے ویسٹ انڈیز روانہ ہوگئی۔

پاکستان ٹیم اسلام آباد سے براستہ دوحہ اور لندن ویسٹ انڈیز پہنچے گی

پاکستان ٹیسٹ ٹیم اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے ویسٹ انڈیز روانہ ہوگئی۔

پاکستان کی قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم ویسٹ انڈیز کے خلاف 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلنے کے لیے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے روانہ ہوگئی۔

قومی اسکواڈ اسلام آباد سے دوحہ اور لندن کے راستے ویسٹ انڈیز پہنچے گا، جہاں وہ آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے اہم مقابلوں میں میزبان ٹیم کا سامنا کرے گا۔

دورہ ویسٹ انڈیز کے دوران پاکستان ٹیم ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو کے دارالحکومت پورٹ آف اسپین اور ٹوروبا میں میچز کھیلے گی۔ قومی ٹیم سیریز سے قبل اپنی تیاریوں کو حتمی شکل دینے کے لیے 18 سے 21 جولائی تک 4 روزہ پریکٹس میچ بھی کھیلے گی، جس سے کھلاڑیوں کو مقامی کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہونے کا موقع ملے گا۔

روانگی سے قبل قومی ٹیسٹ اسکواڈ نے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں 3 روز تک بھرپور تربیتی کیمپ میں حصہ لیا۔

اس دوران کھلاڑیوں نے بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ کی مشقوں کے ساتھ 2 روزہ سیناریو بیسڈ پریکٹس میچ بھی کھیلا، جس کا مقصد مختلف میچ صورتحال میں کھلاڑیوں کی تیاری کو مزید بہتر بنانا تھا۔

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے تحت 2 ٹیسٹ میچز 25 جولائی سے 10 اگست کے دوران کھیلے جائیں گے۔ سیریز کے میچز برائن لارا کرکٹ اکیڈمی، ٹوروبا اور کوئینز پارک اوول، پورٹ آف اسپین میں شیڈول ہیں۔

قومی ٹیم اس دورے میں عمدہ کارکردگی کے ذریعے نہ صرف سیریز اپنے نام کرنے بلکہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں قیمتی پوائنٹس حاصل کرنے کے عزم کے ساتھ میدان میں اترے گی۔

دوسری جانب پی سی بی نے سابق انٹر نیشنل منصور امجد کو عبدالسعد کی جگہ پاکستان ٹیم کا فیلڈنگ کوچ مقرر کیا ہے، ابتدا میں پی سی بی نے شین میکڈرمٹ کا تقرر پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے ساتھ کیا تھا لیکن انہوں نے آسٹریلیا پہنچ کر اپنا استعفیٰ بھیج دیا حالانکہ ان کا سامان اب بھی لاہور میں موجود ہے۔

ٹیم انتظامیہ میں منصور امجد کے علاوہ کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے، سرفراز احمد ہیڈ کوچ، اسد شفیق بیٹنگ اور عمر گل بولنگ کوچ ہیں۔

پاکستان کے 16 رکنی سکواڈ میں بابر اعظم کپتان، شان مسعود، امام الحق، اذان اویس ، عبداللّٰہ فضل، سلمان علی آغا، غازی غوری اور محمد رضوان، ساجد خان، علی عثمان، عامر جمال، محمد علی، محمد عباس، عبید شاہ، اویس ظفر اور خرم شہزاد بھی شامل ہیں۔

واضح رہے کہ شان مسعود تین سال کپتانی کرنے کے بعد کھلاڑی کی حیثیت سے ٹیم کے ساتھ جارہے ہیں۔

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان دو ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا ٹیسٹ 25 جولائی اور دوسرا ٹیسٹ 2 اگست سے کھیلا جائے گا۔

علم میں رہے کہ پاکستان ٹیسٹ ٹیم ویسٹ انڈیز کے بعد تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کے لیے انگلینڈ پہنچے گی۔

پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیم کے درمیان ٹیسٹ میچز 19 اگست ، 27 اگست اور 9 ستمبر سے کھیلے جائیں گے۔

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!