ہاکی

پاکستان نے 16 سال بعد ہاکی ورلڈ کپ کا میچ جیت لیا، جاپان کو 3-4 سے شکست

پاکستان نے 16 سال بعد ہاکی ورلڈ کپ کا میچ جیت لیا، جاپان کو 3-4 سے شکست

بیلجیم و نیدرلینڈز میں جاری ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ 2026 میں پاکستان نے جاپان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 4-3 سے شکست دے دی۔ پاکستان نے میچ میں شاندار کم بیک کرتے ہوئے فیصلہ کن برتری حاصل کی اور اہم کامیابی اپنے نام کرلی۔

جاپان نے میچ کا آغاز جارحانہ انداز میں کیا اور ساتویں منٹ میں ہیوتا یامادا نے گول کرکے پاکستان کے خلاف برتری حاصل کی، جبکہ 15ویں منٹ میں کائٹو تاناکا نے جاپان کی برتری 0-2 کردی۔ پاکستان نے دوسرے کوارٹر میں بھرپور واپسی کی۔

22ویں منٹ میں رانا وحید اشرف نے پاکستان کی جانب سے پہلا گول کیا، جبکہ 32ویں منٹ میں رانا وحید اشرف نے ہی دوسرا گول کرکے مقابلہ 2-2 سے برابر کردیا۔ اس کے ایک منٹ بعد 33ویں منٹ میں حمادالدین محمد نے گول کرکے پاکستان کو 3-2 کی برتری دلادی۔

جاپان نے 36ویں منٹ میں کوجی یاماساکی کے گول کی بدولت مقابلہ ایک بار پھر 3-3 سے برابر کردیا، تاہم پاکستان نے ہمت نہ ہاری اور 41ویں منٹ میں شاہد حنان نے فیصلہ کن گول کرکے پاکستان کو 4-3 کی برتری دلا دی۔

میچ کے آخری لمحات میں جاپان نے برابری کی بھرپور کوشش کی، تاہم پاکستانی دفاع نے مضبوط کھیل پیش کرتے ہوئے برتری برقرار رکھی۔ یوں پاکستان نے ایک دلچسپ اور اعصاب شکن مقابلے میں جاپان کو 4-3 سے شکست دے کر ورلڈ کپ میں اہم کامیابی حاصل کرلی۔

پاکستان کی جانب سے گول: رانا وحید اشرف (22، 32)، حمادالدین محمد (33)، شاہد حنان (41) نے سکور کئے۔

جبکہ جاپان کی جانب سے ہیوتا یامادا (7)، کائٹو تاناکا (15)، کوجی یاماساکی (36) نے گول سکور کئے۔

واضح رہے کہ قومی ہاکی ٹیم بھارت اور انگلینڈ سے شکست کے بعد ورلڈ کپ میں سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوچکی ہے جبکہ پاکستان اور ویلز کا میچ 3-3 گول سے برابر رہا تھا۔

اس سے قبل پاکستان ہاکی ٹیم نے 2010 کے ہاکی ورلڈ کپ میں اسپین کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دی تھی۔

پاکستان 2014 کے ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی نہیں کرسکا تھا، 2018 کے ہاکی ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم ایک میچ بھی نہیں جیت سکی تھی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
error: Content is protected !!