سکواش

پہلی شمس القمر خیبرپختونخوا جونیئر اسکواش چیمپئن شپ محمد فواد خان نے جیت لی

پہلی شمس القمر خیبرپختونخوا جونیئر اسکواش چیمپئن شپ محمد فواد خان نے جیت لی

پشاور (سپورٹس لنک رپورٹ) پہلی شمس القمر خیبرپختونخوا جونیئر اسکواش چیمپئن شپ پشاور کے قمر زمان اسکواش کمپلیکس، قیوم اسٹیڈیم میں اختتام پذیر ہوگئی۔

چیمپئن شپ کے اختتامی روز انڈر 15 اور انڈر 17 کیٹیگریز کے فائنلز کھیلے گئے، جن میں فہد عارف اور محمد فواد خان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹائٹل اپنے نام کر لیے۔

اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی سابق عالمی اسکواش چیمپئن اور لیجنڈ قمر زمان تھے،

جبکہ اسکواش لیجنڈ محب اللہ خان، خیبرپختونخوا اسکواش ایسوسی ایشن کے فنانس سیکرٹری وزیر محمد اور ٹورنامنٹ کے اسپانسر تنویر خان بھی موجود تھے۔

بوائز انڈر 17 کے فائنل میں محمد فواد خان اور انس علی سجاد کے درمیان سنسنی خیز مقابلہ ہوا۔ محمد فواد خان نے سخت مقابلے کے بعد 3-2 سے کامیابی حاصل کی۔ ان کی جیت کا اسکور 11-7، 8-11، 11-5، 12-10 اور 11-4 رہا۔

بوائز انڈر 15 کے فائنل میں فہد عارف نے عاطف علی کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 3-0 سے شکست دی۔ فہد عارف نے 11-3، 11-8 اور 11-9 سے کامیابی حاصل کرکے چیمپئن شپ کی ٹرافی اپنے نام کی۔

محمد فواد خان خیبرپختونخوا جونیئر انڈر 17 کے فاتح ہونے کے ساتھ قومی رینکنگ میں چوتھے نمبر پر ہیں۔ کامیابی کے بعد فواد خان نے ڈائریکٹوریٹ آف اسپورٹس خیبرپختونخوا، ڈی جی اسپورٹس، وزیر کھیل اور خیبرپختونخوا اسکواش ایسوسی ایشن کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ مستقبل میں وہ دسمبر میں یو ایس جونیئر اسکواش چیمپئن شپ جبکہ جنوری 2027 میں انگلینڈ میں برٹش جونیئر اسکواش چیمپئن شپ میں شرکت کا ارادہ رکھتے ہیں۔

فواد خان نے کہا کہ ان کی کامیابی میں ان کے والد طاہر اقبال کی محنت اور تعاون کا بھی اہم کردار ہے، جو ان کے ساتھ بھرپور محنت کر رہے ہیں۔ ان کے کوچ امجد بھی ان کی تربیت اور کھیل میں بہتری کے لیے اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

چیمپئن شپ کا انعقاد چیف آرگنائزر و ڈائریکٹوریٹ کوچ منور زمان کی نگرانی میں کیا گیا، جبکہ کوچ محمد وسیم اور فزیکل کوچ خیبرپختونخوا اسکواش فضل خلیل نے بھی انتظامات اور کھلاڑیوں کی رہنمائی میں اہم کردار ادا کیا۔

تقریب کے اختتام پر مہمان خصوصی اور دیگر معزز شخصیات نے کامیاب کھلاڑیوں میں انعامات اور ٹرافیاں تقسیم کیں اور کھلاڑیوں، رنرز اپ، کوچز، آفیشلز اور منتظمین کی کاوشوں کو سراہا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
error: Content is protected !!