کرکٹ

ٹی ٹوئنٹی کپتانی سے ہٹائے جانے پرناراض نہیں مایوس ہوں، سوریا کمار یادیو

ٹی ٹوئنٹی کپتانی سے ہٹائے جانے پرناراض نہیں مایوس ہوں، سوریا کمار یادیو 

بھارتی ٹی20 ٹیم کے سابق کپتان سوریا کمار یادیو نے کپتانی سے ہٹائے جانے اور اسکواڈ سے ڈراپ کیے جانے کے بعد پہلی بار کھل کر اپنے دل کی بات کہہ دی۔

سوریا کمار کا کہنا ہے کہ وہ سلیکٹرز کے فیصلے پر ناراض نہیں لیکن مایوس ضرور ہیں، کیونکہ ان کی قیادت میں بھارت نے مسلسل کامیابیاں حاصل کیں۔ایک انٹرویو میںسوریا کمار یادیو نے کہاہے کہ انہیں اس فیصلے پر غصہ نہیں آیا، تاہم وہ مایوس ضرور ہوئے۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کی قیادت میں بھارتی ٹیم نے دو سال تک کوئی سیریز نہیں ہاری اور ایشیا کپ سمیت ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیسے بڑے ٹورنامنٹس میں کامیابی حاصل کی،

اس لیے وہ یہ سمجھنے سے قاصر ہیں کہ تبدیلی کیوں ضروری سمجھی گئی۔سابق کپتان کے مطابق انہیں کپتانی سے ہٹانے کے فیصلے سے صرف تین روز قبل آگاہ کیا گیا تھا، جبکہ سلیکٹرز نے ان کی حالیہ فارم کو فیصلے کی ایک اہم وجہ قرار دیا۔

سوریا کمار یادیو نے بتایا کہ جب انہوں نے ٹیم کا اعلان دیکھا اور اپنا نام اسکواڈ میں موجود نہیں پایا تو وہ مسکرا دیے۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ مشکل اور دباؤ والے لمحات میں خود کو پرسکون رکھنے کی کوشش کرتے ہیں، ماضی کی کامیابیاں یاد کرتے ہیں اور ہر صورتحال میں شکر گزار رہنے کی کوشش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انہیں توقع تھی کہ وہ آئندہ دو سال تک بھارتی ٹیم کی قیادت کریں گے، جس دوران اولمپکس اور ایک اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیسے بڑے مقابلے بھی سامنے تھے،

لیکن فیصلہ ان کی توقعات کے برعکس آیا۔نئے کپتان شریاس ایئر کے حوالے سے سوریا کمار یادیو نے مثبت خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے ساتھ کافی کرکٹ کھیل چکے ہیں اور جانتے ہیں کہ شریاس ایک اچھے کھلاڑی، بہترین انسان اور اچھے کپتان ہیں۔

انہیں یقین ہے کہ وہ ٹیم کو اچھی طرح لیڈ کریں گے۔سوریا کمار یادیو نے کہا کہ اہلخانہ اور دوستوں نے بھی مشکل وقت میں انہیں حوصلہ دیا اور سمجھایا کہ ایسے حالات زندگی کا حصہ ہوتے ہیں۔

سابق کپتان نے واضح کیا کہ وہ اب بھی بھارت کے لیے کھیلنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ کھیل رہے ہیں، کھیلتے رہیں گے اور جب بھی ٹیم مینجمنٹ کو محسوس ہوگا کہ وقت اور حالات مناسب ہیں،

انہیں دوبارہ ٹیم میں بلایا جاسکتا ہے۔کپتانی سے محرومی کے باوجود سوریا کمار یادیو نے قومی ٹیم کے لیے کھیلنے کا عزم برقرار رکھا ہے، تاہم ان کے حالیہ بیان نے بھارتی کرکٹ میں قیادت کی تبدیلی پر ایک نئی بحث ضرور چھیڑ دی ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
error: Content is protected !!