مینز جونیئر ایشیا کپ 2026 ; 11 سال بعد تاریخی واپسی ۔۔ویل ڈن جونئیر ہاکی ٹیم
پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم نے مینز جونیئر ایشیا کپ 2026 میں پول ’بی‘ کے آخری میچ میں بنگلہ دیش کو 3-0 سے شکست دے دی۔

مینز جونیئر ایشیا کپ 2026 ; 11 سال بعد تاریخی واپسی ۔۔ویل ڈن جونئیر ہاکی ٹیم
پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم نے مینز جونیئر ایشیا کپ 2026 میں شاندار کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے پول ’بی‘ کے آخری میچ میں بنگلہ دیش کو 3-0 سے شکست دے دی۔
اس فتح کے ساتھ پاکستان نے پول کے چاروں میچز جیت کر 12 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔
پاکستان نے 11 سال بعد جونیئر ایشیا کپ کے پول میں ٹاپ پوزیشن حاصل کی ہے۔ قومی جونیئر ٹیم نے آخری مرتبہ 2015 میں پول میں پہلی پوزیشن حاصل کی تھی،
تاہم گولڈ میڈل حاصل نہ کرسکی اور فائنل میں بھارت سے شکست ہوئی ۔ جس کے بعد 2026 میں ایک بار پھر گرین شرٹس نے گروپ مرحلے میں اپنی برتری ثابت کردی۔
بنگلہ دیش کے خلاف پاکستان نے میچ کا آغاز جارحانہ انداز میں کیا اور 9ویں منٹ میں رانا ولید نے فیلڈ گول کے ذریعے ٹیم کو برتری دلائی۔
صرف تین منٹ بعد رانا ولید نے ایک مرتبہ پھر گیند کو جال کی راہ دکھائی اور پاکستان کی برتری 2-0 کردی۔ دو گول کے خسارے میں جانے کے بعد بنگلہ دیش نے واپسی کی کوشش کی، تاہم پاکستانی دفاع نے حریف کے حملوں کو مؤثر انداز میں روکے رکھا۔
میچ کے 52ویں منٹ میں غلام مصطفیٰ نے عمدہ فیلڈ موو کو گول میں تبدیل کرتے ہوئے پاکستان کی برتری 3-0 کردی۔ اس گول کے بعد بنگلہ دیش کے لیے میچ میں واپسی کے امکانات ختم ہوگئے۔ شاندار کارکردگی پر غلام مصطفیٰ کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
پاکستان جونیئر ٹیم نے پول ’بی‘ میں اپنے چاروں میچز جیتے اور مکمل 12 پوائنٹس حاصل کیے۔ اس سے قبل پاکستان نے قازقستان، چین اور ملائیشیا کو شکست دی تھی، جبکہ بنگلہ دیش کے خلاف کامیابی کے ساتھ پول مرحلہ ناقابلِ شکست مکمل کیا۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی نے جونیئر ٹیم کو شاندار اور ناقابلِ شکست کارکردگی پر مبارکباد دیتے ہوئے سیمی فائنل اور جونیئر ورلڈ کپ میں رسائی پر کھلاڑیوں اور ٹیم مینجمنٹ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
پول ’بی‘ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے کے بعد پاکستان جونیئر ٹیم اب مینز جونیئر ایشیا کپ کے سیمی فائنل میں پول ’اے‘ کی دوسری پوزیشن حاصل کرنے والی جنوبی کوریا کی ٹیم کے مدمقابل ہوگی۔
11 سال بعد پول میں ٹاپ کرنے والی پاکستانی جونیئر ٹیم اب ٹائٹل کی جانب ایک اور قدم بڑھانے کے لیے سیمی فائنل میں کامیابی حاصل کرنے کے عزم کے ساتھ میدان میں اترے گی۔



