
اسکول ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام پاکستان کرکٹ کے مستقبل میں اہم سرمایہ کاری ہے،
صدر ملتان کرکٹ ریجن ڈاکٹر محمد سلیم تونسوی
ملتان: ملتان کرکٹ ریجن کے صدر ڈاکٹر محمد سلیم تونسوی نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی کو اسکول ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے دوسرے سیزن کے انعقاد اور ملک بھر میں کرکٹ کے فروغ کے لیے اقدامات پر زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ محسن نقوی کی سرپرستی میں ان کی ٹیم اسامہ شیرون،عبداللہ خرم نیازی اور سید سمیر احمد اسکول کرکٹ کے فروغ اور نوجوان کھلاڑیوں کو صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع فراہم کرنا قابل ستائش اقدام ہے اور پاکستان کرکٹ کے روشن مستقبل کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
ڈاکٹر محمد سلیم تونسوی نے کہا کہ پروگرام کے دوسرے سیزن میں 100 اضلاع کے 1,424 اسکولوں سے 21 ہزار طلبہ کی شرکت اس منصوبے کی وسعت اور اہمیت کو ظاہر کرتی ہے۔
پاکستان کے مختلف علاقوں میں چھپے کرکٹ ٹیلنٹ کو تلاش کرکے مناسب مواقع فراہم کرنا ایک قابلِ تحسین کاوش ہے، جس سے نوجوان کھلاڑی اپنی صلاحیتیں منوا کر اعلیٰ سطح کی کرکٹ تک پہنچ سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسکول ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام محض ایک ٹورنامنٹ نہیں بلکہ مستقبل کے قومی کرکٹرز تیار کرنے کی بنیاد ہے۔ نوجوان کھلاڑیوں کی جانب سے سنچریاں، ڈبل سنچریاں اور بولنگ میں نمایاں کارکردگی
اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ پاکستان میں کرکٹ کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے۔ قومی کرکٹرز کی جانب سے اسکول کے بچوں کی رہنمائی اور تربیت اس پروگرام کی اہمیت کو مزید بڑھاتی ہے۔
ملتان کرکٹ ریجن کے صدر نے کہا کہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی سرپرستی میں اس پروگرام کو مزید وسعت دے کر باصلاحیت کھلاڑیوں کے لیے معیاری کوچنگ، فٹنس ٹریننگ اور علاقائی و قومی سطح کے مقابلوں تک رسائی کے مواقع بڑھائے جانے چاہییں۔
انہوں نے کہا کہ ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں بھی کرکٹ کا وسیع ٹیلنٹ موجود ہے، جسے مناسب سہولیات اور مؤثر رہنمائی فراہم کرکے پاکستان کرکٹ کا قیمتی اثاثہ بنایا جا سکتا ہے۔
ڈاکٹر محمد سلیم تونسوی نے امید ظاہر کی کہ اسکول ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام مستقبل میں بھی تسلسل کے ساتھ جاری رہے گا اور چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی کاوشوں سے ملک میں اسکول کرکٹ کی بنیاد مزید مضبوط ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو کھیلوں کے مثبت مواقع فراہم کرنا اور مستقبل کے قومی کھلاڑیوں کی تلاش کے لیے اقدامات کرنا قابلِ ستائش ہے، جس کے دور رس نتائج پاکستان کرکٹ کی ترقی کی صورت میں سامنے آسکتے ہیں۔



