
پاکستان ہاکی لیگ کا آغاز ؛ قومی کھیل کی بحالی کی نئی امید !
پاکستان ہاکی لیگ کی اسلام آباد میں سافٹ لانچنگ، قومی کھیل کی بحالی کے لیے حکومت، ہاکی لیجنڈز اور نجی شعبہ ایک پیج پر آگئے پاکستان ہاکی لیگ کی سافٹ لانچنگ کی پروقار تقریب اسلام آباد میں منعقد ہوئی،
جس میں حکومت، پاکستان کے نامور اولمپینز، کھیلوں کی قیادت اور نجی شعبے کے نمائندوں نے شرکت کی۔ تقریب کا بنیادی مقصد قومی کھیل ہاکی کی بحالی اور اسے ایک بار پھر عالمی سطح پر نمایاں مقام دلانے کے لیے مشترکہ عزم کا اظہار تھا۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان تھے۔
اس موقع پر پاکستان ہاکی کے نامور لیجنڈز اولمپین شہناز شیخ، اولمپین شہباز احمد سینئر، اولمپین حسن سردار، اولمپین طاہر زمان، اولمپین منظور احمد سینئر، اولمپین قمر ابراہیم، اولمپین خواجہ جنید اور ہاکی کے دیگر ممتاز کھلاڑیوں اور شخصیات نے شرکت کی۔
پاکستان ہاکی لیگ کی سافٹ لانچنگ قومی کھیل کی بحالی کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ اس لیگ کا مقصد کارپوریٹ سرمایہ کاری کو فروغ دینا، عالمی شہرت یافتہ ہاکی کھلاڑیوں کو پاکستان لانا، پاکستانی کھلاڑیوں کو بین الاقوامی معیار کا تجربہ فراہم کرنا اور ہاکی کی ترقی کے لیے پائیدار مواقع پیدا کرنا ہے۔
حکومت پاکستان کی جانب سے ہاکی کی بحالی کے لیے بھرپور حمایت کا اعادہ
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی رانا مشہود احمد خان، چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام نے پاکستان میں ہاکی کی بحالی اور اس مقصد کے لیے سرمایہ کاری کرنے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے اس اقدام پر خوشی اور اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے حکومت، نجی شعبے اور ہاکی برادری کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر لانے کی کوششوں کو سراہا۔
رانا مشہود احمد خان نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ پاکستان ہاکی لیگ اور دیگر ترقیاتی اقدامات قومی کھیل کی بحالی میں اہم کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت پاکستان ہاکی کی ترقی، نوجوان ٹیلنٹ کی حوصلہ افزائی اور پاکستانی کھلاڑیوں کے لیے نئے مواقع پیدا کرنے کی کوششوں کی مسلسل حمایت کرے گی۔
صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن کا ہاکی کی ترقی، سرمایہ کاری اور بہتر سہولیات فراہم کرنے کا عزم
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی نے قومی کھیل کی بحالی کے لیے مسلسل اصلاحات، سرمایہ کاری اور ادارہ جاتی ترقی کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کا مقصد ہاکی کے معیار کو روز بروز بہتر بنانا، کھیل کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط کرنا، کارپوریٹ سرمایہ کاری کو فروغ دینا، کھیل کی سہولیات میں اضافہ کرنا اور کھلاڑیوں کے لیے بہتر مراعات اور مواقع فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان ہاکی کی بحالی کے لیے تمام متعلقہ اداروں کی مشترکہ ذمہ داری، پیشہ ورانہ انتظام، طویل المدتی منصوبہ بندی اور حکومت و نجی شعبے کے درمیان مضبوط شراکت داری ضروری ہے۔
پی ایچ ایف صدر محی الدین احمد وانی نے مستقبل کے حوالے سے پُرامید خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کھلاڑیوں کے لیے بہتر مواقع پیدا کرنے اور قومی کھیل کی مضبوط بنیادیں استوار کرنے کے لیے کوشاں ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ہاکی کے اچھے دن آنے والے ہیں۔ ہمارا عزم ہے کہ ہاکی میں سرمایہ کاری لائیں، کھیل کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنائیں، اپنے کھلاڑیوں کے لیے بہتر مراعات فراہم کریں اور ایسا ماحول تشکیل دیں جس میں پاکستان ہاکی ایک بار پھر ترقی اور کامیابی کی راہ پر گامزن ہو سکے۔‘‘
میڈیا کاسٹ کا ہاکی لیگ کی کامیابی کے لیے نجی شعبے کی بھرپور شرکت کا اعلان
میڈیا کاسٹ کے مالک اور پاکستان ہاکی لیگ کے شراکت دار سلمان دانش نے پاکستان میں ہاکی کی بحالی کے لیے نجی شعبے کی بھرپور شرکت اور تعاون کے عزم کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ میڈیا کاسٹ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ساتھ مل کر لیگ کو پیشہ ورانہ انداز میں منظم کرنے، کارپوریٹ شراکت داروں اور اسپانسرز کو راغب کرنے اور ہاکی کی ترقی کے لیے ایک پائیدار ماڈل تشکیل دینے کے لیے پُرعزم ہے۔
سلمان دانش نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ مشترکہ کوششوں، پیشہ ورانہ انتظام اور تمام متعلقہ فریقوں کے تعاون سے پاکستان ہاکی لیگ کو ایک کامیاب منصوبہ بنایا جا سکے گا۔
ہاکی لیجنڈز کی شرکت، قومی کھیل کی بحالی کے لیے امید کی نئی کرن
پاکستان کے نامور اولمپینز اور ہاکی لیجنڈز کی تقریب میں شرکت نے اس موقع کو مزید اہمیت بخشی۔ ان کی موجودگی اس عزم کی علامت تھی کہ ہاکی برادری پاکستان کے قومی کھیل کو اس کا کھویا ہوا مقام واپس دلانے کے لیے متحد ہے۔
اس موقع پر اس مشترکہ عزم کا اظہار کیا گیا کہ نوجوان کھلاڑیوں کے لیے نئے مواقع پیدا کیے جائیں، ملکی ہاکی کے ڈھانچے کو مضبوط بنایا جائے اور نئی نسل کو پاکستان کی شاندار ہاکی تاریخ اور روایات سے دوبارہ جوڑا جائے۔
پاکستان ہاکی لیگ، پاکستان ہاکی فیڈریشن اور میڈیا کاسٹ کی مشترکہ کاوش ہے، جس کا مقصد بین الاقوامی ہاکی اسٹارز، پاکستانی کھلاڑیوں، کارپوریٹ اسپانسرز اور ٹیم مالکان کو ایک پلیٹ فارم پر لانا ہے۔
لیگ کے ذریعے ہاکی میں تجارتی دلچسپی بڑھانے، مقابلوں کا معیار بلند کرنے اور قومی کھیل میں پائیدار سرمایہ کاری کے مواقع پیدا کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
پاکستان ہاکی لیگ کی سافٹ لانچنگ قومی کھیل کی بحالی کے لیے ایک نئی امید اور اجتماعی کوششوں کا آغاز ہے، جو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ، پیشہ ورانہ انتظام اور طویل المدتی وژن کے ذریعے پاکستان ہاکی کو دوبارہ عروج پر لے جانے کی بنیاد فراہم کرے گی۔



