Category: زمرے کے بغیر

  • پریکٹس میچوں کی کمی شکست کی وجہ بنی،سرفراز

    پریکٹس میچوں کی کمی شکست کی وجہ بنی،سرفراز

    کیپ ٹاؤن (سپورٹس لنک رپورٹ) قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ اگر ہماری ٹیم میں جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے قبل 2یا 3پریکٹس میچز کھیلے ہوتے تو نتائج مختلف ہوسکتے تھے ۔ کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں جنوبی افریقہ کے ہاتھوں 9وکٹوں سے شکست کے بعد سرفراز احمد کاکہنا تھا کہ ہم نے پہلی اننگز میں زیادہ رنز نہیں بنائے،اگر 250سے300رنز تک بنالیتے تو شاید آخری اننگز میں ہمیں فائدہ ہوسکتا تھا کیوں کہ چوتھی اننگز میں بھی یہ پچ فاسٹ باؤلرز کو مدد دے رہی تھی ، اگر آپ ایک ہی سیشن میں پانچ وکٹیں گنوا دیں تو پھر آپ کا میچ میں واپس آنا انتہائی مشکل ہوجاتا ہے لیکن ہمارے بلے بازوں نے جس طریقے سے تیسرے دن کے دوسرے سیشن میں بیٹنگ کی اسی طرح آپ ٹیسٹ کرکٹ میں سیکھتے ہیں ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ میرے خیال میں ہمیں ٹیسٹ سے سیریز سے پہلے دو سے تین پریکٹس میچز کھیلنے چاہیے تھے جو ہمارے لیے ایک آئیڈیل سچوئیشن ہوتی تاہم ہمیں صرف ایک پریکٹس میچ کھیلنے کو ملا ،ہمار ے بلے بازوں نے اس ٹیسٹ میں بہادری دکھائی اور امید ہے کہ جوہانسبرگ ٹیسٹ میں ہمیں اس کا فائدہ ہوگا ۔ یاد رہے کہ جنوبی افریقا نے پاکستان کو دوسرے ٹیسٹ میں 9 وکٹوں سے شکست دیکر 3 میچوں کی سیریز 0-2 سے اپنے نام کرلی۔کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں پہلے روز سے ہی جنوبی افریقا کا پلڑا بھاری رہا اور پاکستان کو پہلی اننگز میں 177 رنز پر ڈھیر کرنے کے بعد 431 رنز کا پہاڑ کھڑا کیا اور پہلی ہی اننگز میں 254 رنز کی برتری حاصل کرلی جس کے جواب میں قومی ٹیم 294 رنز پر آؤٹ ہوئی، مہمان ٹیم کی جانب سے اسد شفیق 88، بابراعظم 72 اور شان مسعود 61 کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی وکٹ پر زیادہ دیر نہ رک سکا۔کھیل کا چوتھا روز شروع ہوا تو میزبان ٹیم کو جیت کے لیے صرف 41 رنز درکار تھے اور ان کی تمام 10 وکٹیں ابھی باقی تھیں، ہدف کے تعاقب میں پروٹیز نے صرف ایک وکٹ گنوائی جو محمد عباس کے حصے میں آئی۔

  • خیبر پختونخواوالی بال ایسوسی ایشن کے انتخابات مکمل

    خیبر پختونخواوالی بال ایسوسی ایشن کے انتخابات مکمل


    پشاور(سپورٹس رپورٹر)خیبر پختونخواوالی بال ایسوسی ایشن کے انتخابات مکمل ہوگئے،ڈی آئی جی پولیس اعجاز احمداور خالدوقارچمکنی دوبارآئندہ چار سال کیلئے صدر وسیکرٹری جنرل منتخب ہوگئے ،اسی طرح کابینہ میں متفقہ طور پر عہدیداروں کا قیام عمل میں لایاگیا۔اس سلسلے میں گزشتہ روزپی ایس بی کوچنگ سینٹر پشاور میں صوبائی والی بال ایسوسی ایشن کے صدراعجاز احمدکی زیر صدارت جنرل باڈی اجلاس منعقد ہوا،جسمیں والی بال فیڈریشن کے نمائندہ ایم ڈی جاوید،صوبائی اولمپک کے امجد خان اور سپورٹس بورڈ کے نمائندہ شاہ فیصل کے علاوہ پشاور،نوشہرہ،مردان،ہری پور،ایبٹ آباد،مانسہرہ،سوات،دیر ،کوہاٹ،بنوں اور ڈی آئی سمیت خیبر پختونخواکے دیگر اضلاع سے بھی عہدیداروں نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران صوبے میں والی بال کی ترقی اور نئے ٹیلنٹ کی تلاش کیلئے کابینہ کی کارکردگی کوتسلی بخش قراردیدیا،اور اسکے ساتھ ہی مختلف اضلاع میں والی بال سے متعلق مختلف امور سے بحث کی گئی ہے ۔


    صوبائی والی بال ایسوسی ایشن کے صدر ڈی آئی جی پولیس نیکٹا اسلام آباد اعجازاحمد نے کہاہے کہ خیبر پختونخواوالی بال کا گڑھ ہے اور انشاء اللہ نچلی سطح پر ٹیلنٹ کی تلاش کیلئے گراس روٹ لیول پر کام مزید تیز کرتے ہوئے صوبے میں والی بال کی ترقی کیلئے ایک جامعہ پلان تشکیل دینگے جسکے تحت زیادہ سے زیادہ ٹریننگ کیمپ اور ٹورنامنٹس کرائے جائینگے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزپی ایس بی کوچنگ سینٹر پشاور میں صوبائی کابینہ کے اجلاس کے دوران خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر صوبائی والی بال ایسوسی ایشن کے سیکرٹری خالدوقارچمکنی اور ایگزیکٹیوکمیٹی کی رکن ساراخان سمیت دیگر عہدیدار بھی موجودتھے ۔اعجازاحمد نے کہاکہ والی بال ایسوسی ایشن نے اپنے محدودوسائل میں نہ صرف صوبائی بلکہ قومی سطح کے بھی مردوخواتین کے مقابلے منعقد کرائے ہیں جس کی وجہ سے ہمیں بہترین ٹیلنٹ سامنے آناشروع ہوگیاہے،جبکہ اسکے ساتھ ہی ضلعی ایسوسی ایشن کی نگرانی میں دیر جیسے ضلع سمیت کئی دیگر اضلاع میں بھی والی بال کے انٹر کلب مقابلے منعقد کرائے ہیں،انہوں نے کہاکہ انشاء اللہ جلد ہی پشاور میں پاکستان والی بال فیڈریشن کے زیر اہتمام ریفریز کورس کے انعقاد کیساتھ ساتھ پشاور میں جونیئر زکھلاڑیوں کے استعدادکار کو مزید بہتر کرانے کیلئے ٹریننگ کیمپس منعقد کئے جائینگے تاکہ اسی طرح نہ صرف خیبر پختونخوابلکہ خیبر پختونخواکے تمام اضلاع میں اس کھیل کو فروغ دینگے ۔اس موقع سیکرٹری خالدوقار چمکنی نے کہاکہ پاکستان والی بال فیڈریشن کے صدر چوہدری یعقوب اور صوبائی والی بال ایسوسی ایشن کے صدر ڈٖی آئی جی اعجاز احمد کی کاوشوں سے والی بال کے حوالے سے کافی کام کیا جو یقیناًانکی سرپرستی کے بغیر ناممکن تھاا نہوں نے اس عزم کا اظہار کیاکہ انشاء اللہ مستقبل میں پہلے سے زیادہ کام کرینگے

    اس موقع متفقہ طور پر آئندہ چار سال کیلئے کابینہ تشکیل دیدی گئی،جسکے مطابق صدر ڈی آئی پولیس اعجاز احمد ،سینئر نائب صدرفقیر محمد اعوان،نائب صدور میں سکندر خان وزیر،خان اختر،نصیر خان،ظہورخان خلیل،شوکت علی،گور ہر رحمن اور رحم بی بی شامل ہیں،جبکہ سیکرٹری جنرل خالد وقارچمکنی،جانئنأ سیکرٹری لائق زمان،ایسوسی ایٹ سیکرٹریز میں منیب اللہ ،عنایت شاہ، فرازخان اوراعظم باچا ہیں اورفنانس سیکرٹری بختیار عالم فنانس جبکہ ایگزیکٹیوکمیٹی میں ملک ساجد،ملک ظاہر،محمد اقبال،باور خان،اختر،انورخان،رضامحمد،رضاء اللہ،سمیراسلون،اسماعیل شاہ،محشن کمال اور ساراخانشامل ہیں

    ریفریز کمیٹی میں خالد وقار چیئرمین،واجد کمال،ہدایت اللہ اور انور خان،اسی طرح کوچز کمیٹی کے چیئرمین خالد وقار جبکہ اراکین میں حبیب اللہ ،بشیر احمد،گل باز اور واصف اللہ شامل ہیں،سلیکشن کمیٹی میں بختیار عالم،لائق زمان،ظہور خان خلیل،سجاد خان خلیل،نیازخان اور روشن خان قابل ذکرہیں۔

  • کیپ ٹائون میں بھی پاکستان کو شکست،سیریز جنوبی افریقہ نے جیت لی

    کیپ ٹائون میں بھی پاکستان کو شکست،سیریز جنوبی افریقہ نے جیت لی

    کیپ ٹائون (سپورٹس لنک رپورٹ)کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں میزبان جنوبی افریقا نے پاکستان کو 9 وکٹ سے شکست دے کر دوسرا ٹیسٹ اور سیریز جیت لی۔دوسرے ٹیسٹ میں پاکستان کی جانب سے جنوبی افریقا کو جیت کیلئے 41 رنز کا آسان ہدف ملا جسے اس نے باآسانی ایک وکٹ کے نقصان پر پورا کرلیا۔چوتھے دن کے کھیل کا آغاز ہو تو جنوبی افریقا کے اوپنر ڈی برائن 4 رنز بنا کر محمد عباس کا شکار بنے۔اس سے قبل گزشتہ روز پاکستان اپنی دوسری اننگز میں 294 رنز بنا کر آؤٹ ہو ا تھا اور یوں میزبان ٹیم کو جیت کے لیے 41 رنز کا ہدف ملا۔پاکستان کی جانب سے دوسری اننگز کا آغاز امام الحق اور شان مسعود نے کیا لیکن امام الحق ایک بار پھر ناکام ثابت ہوئے اور 6 رنز بنا کر ڈیل اسٹین کی گیند پر آؤٹ ہو ئے، اس کے بعد آؤٹ آف فارم اظہر علی بھی 13 گیندوں پر 6 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔تیسری وکٹ شان مسعود کی شکل میں گری جب وہ 159 کے مجموعی اسکور پر 61 رنز بنا کر ڈیل اسٹین کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے آؤٹ ہو گئے، اس کے فوراً بعد ہی اسد شفیق بھی 88 رنز بنا کر فلینڈر کا شکار بنے۔فخر زمان کو چھٹے نمبر پر کھلانے کا تجربہ بھی ناکام ہواوہ انتہائی غیر ذمہ دارانہ شاٹ کھیلنے کی کوشش میں ربادا کی گیند پر ان ہی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔سرفراز احمد، محمد عامر اور یاسر شاہ کی وکٹیں جلد گرنے کے بعد بابر اعظم بھی 72 رنز بنا کر آؤٹ ہو ئے، جبکہ پاکستان کے آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی شاہین آفریدی تھے جو ربادا کا شکار بنے۔پاکستانی ٹیم دوسری اننگز میں 294 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی اور گرین کیپس نے میزبان ٹیم کو جیت کے لیے 41 رنز کا ہدف دیا ہے۔

  • قائد اعظم چیلنج کپ ہاکی کپ مقابلے فائنل مرحلے میں داخل

    قائد اعظم چیلنج کپ ہاکی کپ مقابلے فائنل مرحلے میں داخل


    لیاقت پور( غلام فرید) دوسرے قائداعظم چیلنج ہاکی کپ لیاقت پور کے پانچواں روزسٹی ہاکی کلب لیاقت پور اور سٹی ہاکی کلب چنی گوٹھ نے اپنے اپنے میچز جیت کر فائنل کے لئے کوالیفائی کر لیاپہلا سیمی فائنل سٹی ہاکی کلب لیاقت پور اور سٹی ہاکی کلب خانپور کے درمیان کھیلا گیا سٹی ہاکی کلب لیاقت پور نے باآسانی سٹی ہاکی کلب خان پور کو 5-0 سے شکست دے کر فائنل کے لئے کوالیفائی کر لیا، لیاقت پور کی طرف سے مبشر اور عبیداللہ نے دو، دو گول اور ارسل نے ایک گول سکور کیا.

    دوسرا سیمی فائنل سٹی ہاکی کلب چنی گوٹھ اور شاہین ہاکی کلب صادق آباد کے درمیان کھیلا گیا دونوں ٹیموں کی طرف سے بہت اچھا کھیل دیکھنے کو ملا شاہین ہاکی کلب صادق آباد کی طرف سے ابوبکر نے میچ کے ساتھ ہی منٹ میں گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلوا دی. سٹی ہاکی کلب چنی گوٹھ کی طرف سے شاہزیب نے چالیس منٹ میں گول کرکے اسکور ایک ایک برابر کر دیا میچ کا فیصلہ پنلٹی شوٹ آؤٹ پر ہوا چنی گوٹ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد شاہین ہاکی کلب صادق آباد کو پلنٹی شوٹ آؤٹ پر تین ایک سے شکست دی اور فائنل کے لئے کوالیفائی کیا .آج کے میچ ریفریز عبدالجبار محمد فاروق محمد ایوب تھے. سیمی فائینل میچز کے مہمان خصوصی چوہدری اعظم صاحب جاوید صادق میاں افتاب عقیل احمد تھے

  • بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کرنے والے کھلاڑیوں پر انعامات کی بارش

    بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کرنے والے کھلاڑیوں پر انعامات کی بارش


    لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)صوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی نے کہا ہے کہ سپورٹس کی دنیا میں پاکستان کا نام روشن کرنے والے کھلاڑی ہمارا فخر ہیں، یہ کھلاڑی قوم کے اصل ہیروز ہیں ، بیچ ریسلنگ ورلڈ چیمپئن شپ 2018ء ، کامن ویلتھ گیمزاور پیرا اولمپک ایشیئن گیمز میں پاکستان کے لئے گولڈ میڈلز جیتنے پر ریسلر انعام بٹ اور حیدر علی کو ایک ، ایک لاکھ روپے کا چیک بطور انعام دیا ہے،پنجاب حکومت اپنے ہیروز کی حوصلہ افزائی کرتی رہے گی، پاکستان کے لئے سونے کے تمغے جیتنے والے کھلاڑیوں انعام بٹ اور حیدر نے جو کارنامہ سرانجام دیا ہے وہ قابل تحسین ہے، مستقبل میں کبڈی اور دنگل کے ایونٹس منعقد کروائیں گے، چار ممالک کی کبڈی ٹیمیں پاکستان آرہی ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں بیچ ریسلنگ ورلڈ چیمپئن شپ 2018ء، کامن ویلتھ گیمز اورپیرا اولمپک ایشیئن گیمز میں سونے کے تمغے جیتنے والے کھلاڑی محمد انعام بٹ، حیدر علی اور 30ویں نیشنل وومن ہاکی چیمپئن شپ میں دوسری پوزیشن حاصل کرنیوالی پنجاب وومن ٹیم کو نقد انعامات دینے کی تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا

    اس موقع پر ڈائریکٹر خصوصی ٹاسک انیس شیخ، ڈائریکٹر سپورٹس حفیظ بھٹی و دیگر بھی موجود تھے، صوبائی وزیرکھیل و امور نوجوانان رائے تیمورخان بھٹی نے کہا کہ بیچ ریسلنگ ورلڈ چیمپئن شپ 2018ء اور کامن ویلتھ گیمزمیں محمد انعام بٹ پہلوان اور پیرااولمپک ایشین گیمز میں حیدر علی نے گولڈ میڈلز جیت کر ملک کا نام روشن کیا ہے،یہ نوجوان ملک کا اثاثہ ہیں، دونوں کھلاڑی نوجوانوں کے لئے مشعل راہ ہیں کہ محنت سے کامیابی حاصل کی جاسکتی ہے، نوجوان انعام بٹ اور حیدر علی کی طرح اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کریں اور پاکستان کا پرچم دنیا میں بلند کریں، ملک کا نام روشن کرنے والے کھلاڑی قوم کے اصل ہیروز ہیں، ان کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے بیچ ریسلنگ ورلڈ چیمپئن شپ 2018ء ، کامن ویلتھ گیمز میں محمد انعام بٹ پہلوان اور پیرااولمپک ایشین گیمز میں حیدر علی کو گولڈ میڈلز جیتنے پر ایک ، ایک لاکھ رورپے نقد انعام دیا ہے، دیگر کھلاڑیوں بھی اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کریں پنجاب حکومت انکے ساتھ ہوگی اور ان کی حوصلہ افزائی کریگی۔

    صوبائی وزیر کھیل رائے تیمور خان بھٹی نے مزید کہا کہ سپورٹس پنجاب حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، مستقبل میں کبڈی کا بڑا ایونٹ منعقد کروارہے ہیں جس میں بھارت، ایران اور افغانستان کی ٹیمیں شرکت کریں گی، کبڈی کے مقابلے جنوبی پنجاب، سنٹرل پنجاب میں بھی کروائیں گے، اس کے علاوہ دنگل بھی کرارہے ہیں، سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام سالانہ سپورٹس کیلنڈر کے تحت انڈر 16 کھلاڑیوں کے انٹر تحصیل کھیلوں کے مقابلوں کا پہلا مرحلہ کامیابی سے مکمل ہوگیا ہے، اب ضلعی سطح پر مقابلے ہورہے ہیں، یکم جنوری سے 7 مختلف کھیلوں کے بھی تربیتی کیمپ منعقد کر رہے ہیں جس سے نوجوان زیادہ سے زیادہ سپورٹس کی جانب آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے حالات اب پہلے سے بہت بہتر ہیں، غیر ملکی ٹیموں کو پاکستان مدعو کررہے ہیں جس سے سپورٹس کو مزید فروغ ملے گا۔

    صوبائی وزیرکھیل و امورنوجوانان رائے تیمورخان بھٹی نے مزید کہا کہ ہاکی میں پاکستان نے بہت عروج دیکھا ہے مگر اب یہ کھیل زوال کا شکار ہے، ہاکی کی ترقی کے لئے اقدامات کررہے ہیں، 30ویں نیشنل وومن ہاکی چیمپئین شپ میں دوسری پوزیشن حاصل کرنے والی پنجاب کی گرلز ٹیم کو50ہزار روپے انعام دیاہے،ہم نوجوانوں کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ سپورٹس میں زیادہ سے زیادہ حصہ لیں، سپورٹس بورڈ پنجاب ان کی طرح سے رہنمائی اور مدد کرے گا۔ تقریب کے اختتام پر ، صوبائی وزیرکھیل و امورنوجوانان رائے تیمورخان بھٹی نے محمد انعام بٹ اور حیدر علی پنجاب گرلز ہاکی ٹیم کوکیش انعامات دیئے۔

  • پریمئر سپر لیگ سیزن II، پہلے رائونڈ کے مزید تین میچز کا فیصلہ

    پریمئر سپر لیگ سیزن II، پہلے رائونڈ کے مزید تین میچز کا فیصلہ


    لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ )کارپوریٹ سیکٹر کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان جاری پریمئر سپر لیگ سیزن IIکے پہلے رائونڈ کے مزید تین میچز کا فیصلہ ہو گیا جس میں ڈیسکون ،تھری ڈی موڈلنگ اورآئی پی سی نے کامیابی حاصل کی۔ٹائون شپ وائٹس کرکٹ گرائونڈ میں کھیلے گئے میچ میں ڈیسکون نے یو بی ایس الیون کو 7وکٹوں سے شکست دی۔

    یو بی ایس الیون نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 130 رنز بنائے۔بلال انجم 43 جبکہ سمیم بٹ 41 رنز کے ساتھ نمایاں رہے ۔ڈیسکون کی ٹیم نے مطلوبہ ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔فاتح ٹیم کے عمران منیر نے 51جبکہ جمیل خان نے 36 رنز بنائے۔عمران منیر کو شاندار بیٹنگ پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ریس کورس کرکٹ گرائونڈ میں کھیلے گئے پہلے میچ میں تھری ڈی موڈلنگ کی ٹیم نے جاز کو33 رنز سے شکست دیدی۔

    تھری ڈی موڈلنگ نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 151 رنز بنائے ۔جاز کی ٹیم نے مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں 118 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔تھری ڈی موڈلنگ کے مدثر احمد کو 6 رنز دے کر 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھانے پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز دیا گیا۔ریس کورس کرکٹ گرائونڈ میں ہی کھیلے گئے دوسرے میچ میں آئی پی سی نے ہنڈا کی ٹیم کو5وکٹوں سے شکست دی۔

    ہنڈا کی ٹیم نے نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں161 رنز جوڑے جبکہ آئی پی سی نے مطلوبہ ہدف 5وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔آئی پی سی کے محمد منیب نے شاندار بالنگ کرتے ہوئے 5کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا اور مین آف دی میچ کے حق دار قرار پائے ۔

  • پی ایس ایل فور کی چھٹی ٹیم بھی فروخت،جانتے ہیں علی ترین نے یہ ٹیم کیوں خریدی؟

    پی ایس ایل فور کی چھٹی ٹیم بھی فروخت،جانتے ہیں علی ترین نے یہ ٹیم کیوں خریدی؟


    لاہور(نواز گوہر ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کے بیٹے علی ترین نے پاکستان سپر لیگ کی چھٹی ٹیم خرید لی۔پی ایس ایل کی چھٹی ٹیم فرنچائز کی فروخت کے لیے بڈنگ لاہور میں ہوئی جس میں علی ترین نے ٹیم کے مالکانہ حقوق حاصل کرلیے۔پی ایس ایل کی چھٹی ٹیم ملتان سلطانز 88 کروڑ 90 لاکھ روپے میں فروخت ہوئی۔پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل کی چھٹی ٹیم ملتان کنسروشیم کے مالک علی ترین نے خرید لی ہے۔پی سی بی کے مطابق پی ایس ایل کی چھٹی ٹیم کے حقوق ملتان کنسورشیم نے 7 سال کے لیے حاصل کیے ہیں۔علی ترین نے ٹیم کو جنوبی پنجاب کے لئے تحفہ قرار دیا اور کہا کہ چھٹی ٹیم ملتان کا نام مشاورت سے رکھیں گے اور اگر قانون نے اجازت دی تو ملتان سلطانز نام رکھنے میں کوئی حرج نہیں۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں ٹیلنٹ تلاش کریں گے۔یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ کی سب سے مہنگی فرنچائز ملتان سلطان سے پیسوں کی عدم ادائیگی کی وجہ سے پاکستان کرکٹ بورڈ نے معاہدہ ختم کردیا تھا اور اعلان کیا تھا کہ اگر ٹیم کے لیے نیاخریدار نہ ملا تو بورڈ خود ہی ٹیم کو چلائے گا۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے چھٹی ٹیم کی کم از کم قیمت 5.21 ملین ڈالر سالانہ رکھی تھی۔


    سپورٹس لنک کے مطابق علی جہانگیر ترین نے محض اپنے شوق کی خاطر ملتان سلطان ٹیم نہیں خریدی بلکہ اپنے علاقے لودھراں جنوبی پنجاب میں چھپے ہوئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کی کوشش کر رہے ہیں ان کی اس سے پہلے بھی سپورٹس اورکرکٹ میں کی خدمات ہیں انہیں اپنے علاقے لودھراں میں ایک شاندار کرکٹ گراؤنڈ اور کرکٹ اکیڈمی قائم کی ہوئی ہے جہاں پر تربیت یافتہ کوچز روزانہ کی بنیاد پر تقریبا سو کے قریب لڑکوں کو کوچنگ کر رہے ہیں انہوں نے سکولوں کے اندر بھی کرکٹ پچزز تیار کروائی ہیں تاکہ سکول لیول سے ہی بچے اور بچیاں کرکٹ میں دلچسپی لے سکیں اس سے ایک اور بڑا کارنامہ ہے علی خان ترین نے دنیا کی سب سے بڑی( ایموچر کرکٹ لیگ لاسٹ مین اسٹینڈنگ )کو جنوبی پنجاب میں روشناس کروایا تاکہ اس خطے کے نوجوان نسل کو ایک ایسا پلیٹ فارم دیا جائے جس کی بدولت وہ اپنے ٹیلنٹ کو سامنے لا سکیں اس کے علاوہ لودھراں اور ملتان میں ایل ایم ایس لیگ کامیابی کے ساتھ جاری ہے جب کہ جنوری میں رحیم یارخان اور بہاولپور سے بھی اس لیگ کا آغاز کیا جا رہا ہے تاکہ جنوبی پنجاب کے ہر علاقے کے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کا موقع مل سکے جنوبی پنجاب کے کرکٹ اور سپورٹس سے دلچسپی رکھنے والوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی کہ علی جہانگیر ترین ملتان سلطان خرید کر نہ صرف جنوبی پنجاب کی کرکٹ کو فروغ دیں گے بلکہ اس سے پاکستانی کرکٹ بھی کامیاب ہوگئی۔

  • پرتھ ٹیسٹ،آسڑیلیا کو بھارت پر 175رنز کی برتری حاصل ہو گئی،،ویڈیو رپورٹ دیکھیں

    پرتھ ٹیسٹ،آسڑیلیا کو بھارت پر 175رنز کی برتری حاصل ہو گئی،،ویڈیو رپورٹ دیکھیں

    پرتھ(سپورٹس لنک رپورٹ)آسٹریلیا نے پرتھ ٹیسٹ کے تیسرے روز کھیل کے اختتام تک 4 وکٹوں کے نقصان پر 132 رنز بنالیے جس کے بعد اسے مہمان بھارت پر 175 رنز کی برتری حاصل ہوگئی۔پرتھ میں کھیلے جارہے ٹیسٹ کے تیسرے روز بھارت کی پوری ٹیم 283 رنز پر پویلین لوٹ گئی جس کے بعد کینگروز کو 43 رنز کی سبقت حاصل ہوئی۔آسٹریلیا نے دوسری اننگز کا آغاز کیا تو اوپننگ بلے باز مارکس ہیرس اور ایرون فنچ نے محتاط انداز اپناتے ہوئے پہلی وکٹ پر 59 رنز جوڑے، ہیرس 20 رنز بنا کر جیسپرت بمبرا کی گیند پر بولڈ ہوئے جبکہ فنچ 25 رنز بنانے کے بعد زخمی ہو کر گراؤنڈ بدر ہوئے۔

    شان مارش 5، پیٹر ہینڈکوم 13 اور ٹریوس ہیڈ 19 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، تیسرے روز کھیل کے اختتام تک عثمان خواجہ 41 اور کپتان ٹم پین 8 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔بھارت کی جانب سے محمد شامی نے 2، جیسپرت بمبرا اور ایشانت شرما نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔یاد رہے کہ آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگز میں 326 اور بھارت نے 283 رنز بنائے تھے۔

  • پریمئر سپر لیگ ،ڈیسکون اور ہنڈا کی ٹیموں کی کامیابی

    پریمئر سپر لیگ ،ڈیسکون اور ہنڈا کی ٹیموں کی کامیابی


    لاہور( سپورٹس لنک رپورٹ ) کارپوریٹ سیکٹر کی ٹیموں کے درمیان کھیلے جانے والی پریمئر سپر لیگ کے میچوں میں ڈیسکون اور ہنڈا نے کامیابی حاصل کر لی ۔ ٹورنامنٹ میں کارپوریٹ سیکٹر کی آٹھ ٹیمیں شریک ہیں جن کے درمیان لاہور کی مختلف گرائونڈز پر میچز کھیلے جائیں گے۔ ریس کورس کرکٹ گرائونڈ میں پریمئر سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن کا آغاز ہوا۔پہلے میچ میں ہنڈا نے تھری ڈی موڈلنگ کو 17 رنز سے شکست دی۔

    ہنڈا نے پہلے کھیلتے ہوئے 2 وکٹوں کے نقصان پر 161 رنز بنائے جبکہ تھری ڈی موڈلنگ کی ٹیم مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں 144 رنز بناسکی۔ فاتح ٹیم کے مظہر حسین نے 63 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا اور مین آف دی میچ قرار پائے۔دوسرے میچ میں ڈیسکون اورآئی سی آئی پاکستان کی ٹیمیں مد مقابل تھیں جس میں ڈیسکون نے 79 رنز سے کامیابی حاصل کی ۔

    ڈیسکون نے پہلے کھیلتے ہوئے 188 رنز بنائے جس کے جواب میں آئی سی آئی پاکستان کی ٹیم109 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ڈیسکون کے سید مجاہد علی نے 63 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی اور مین آف دی میچ قرار پائے۔

  • فیصل آباد نے پی سی بی سٹارز انڈر 16 ون ڈے کرکٹ ٹورنامنٹ جیت لیا

    فیصل آباد نے پی سی بی سٹارز انڈر 16 ون ڈے کرکٹ ٹورنامنٹ جیت لیا


    راولپنڈی (سپورٹس لنک رپورٹ) فیصل آباد نے پی سی بی سٹارز انڈر 16 ون ڈے کرکٹ ٹورنامنٹ 2018-19ء جیت لیا، فاتح ٹیم نے فیصلہ کن معرکے میں لاہور انڈر 16 ٹیم کو دلچسپ مقابلے کے بعد 2 وکٹوں سے شکست دے کر ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل کیا، محمد اویس اور محمد ابتسام مشترکہ طور پر میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ پیر کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے ایونٹ کے فائنل میں لاہور انڈر 16 ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 45 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 190 رنز بنائے، حماد ستار 68 رنز بنا کر نمایاں رہے، حافظ عثمان 35، عمر ایمان 30 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، محمد اویس اور علی اسفند نے 3، 3 اور ابتسام نے 2 وکٹیں لیں، جواب میں فیصل آباد انڈر 16 ٹیم نے مطلوبہ ہدف 44 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا، ثمیر ثاقب 43 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، محمد ابتسام نے 42 اور محمد وقاص نے 33 رنز بنا کر ٹیم کی جیت میں حصہ ڈالا۔

    اختتامی تقریب کے موقع پر دونوں ٹیموں میں ٹرافیاں اور نقد انعامات تقسیم کئے گئے، فیصل آباد کو 3 لاکھ اور رنر اپ لاہور کو 2 لاکھ روپے کی انعامی رقم دی گئی، مین آف دی میچ کھلاڑیوں اویس اور ابتسام، بہترین باؤلرز عبدالرحمان اور ارحم نواب، بہترین بلے باز رضوان محمود، بہترین فیلڈر عمیر افضل، بہترین آل راؤنڈر عمر ایمان اور بہترین وکٹ کیپر افضال منظور کو یکساں 25،25 ہزار روپے نقد انعامات سے نوازا گیا۔

error: Content is protected !!