امپائرز اور میچ ریفریز کے لیے ورکشاپ کا آغاز آج سے ہوگا

لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام امپائرز اور میچ ریفریز کے لیے لاہور، کراچی اور راولپنڈی میں سالانہ ورکشاپس کا آغاز آج (اتوار ) سے ہو گا ۔ ورکشاپس کے انعقاد کا مقصد ملک بھر کے میچ آفیشلز کو جدید قوانین سے آگاہی دینے کے ساتھ ساتھ پی سی بی ڈومیسٹک پلیئنگ کنڈیشنز، کوڈ آف کنڈکٹ اور لباس کے قوانین سے روشناس کروانا ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کی ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ ہارون رشید کا کہنا ہے کہ میچ آفیشلز کو تازہ ترین پلیئنگ کنڈیشنز سے آگاہی دینے کے لیے پی سی بی ان ورکشاپس کا انعقاد سالانہ بنیادوں پر کرتا ہے۔ ان ورکشاپس کے انعقاد سے ڈومیسٹک کرکٹ میں کام کرنے والے میچ آفیشلز کو بین الاقوامی سطح پر ملک کی نمائندگی کرنے والے امپائروں سے بات چیت کا موقع ملتا ہے۔ انٹرنیشنل امپائرزکا تجربہ ڈومیسٹک آفیشلز کو کھیل کے دوران دباؤ برداشت کرنے میں معاون ثابت ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پی سی بی کے پاس بہترین ڈومیسٹک امپائرز ہیں جن کے لیے آئندہ ڈومیسٹک سیز ن کے آغاز سے قبل یہ ورکشاپس سودمند ثابت ہوں گی۔ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ پی سی بی کا کہنا ہے کہ ڈومیسٹک ٹورنامنٹ میں کرکٹ کی اسپرٹ کو برقرار رکھنے کے لیے یہ ورکشاپس قومی میچ آفیشلز کے لیے بھی اہم ثابت ہوں گی۔

لاہور اور راولپنڈ ی میں ہونے والی ورکشاپس آئی سی سی انٹرنیشنل پینل کے امپائرز احسن رضا اور آصف یعقوب کے زیرانتظام ہوں گی جس میں پی سی بی کے تمام پینل امپائرز اور میچ آفیشلز شرکت کریں گے۔کراچی میں ورکشاپ احسن رضا اور پی سی بی منیجر امپائرز اینڈ ریفریز بلال قریشی کے زیرانتظام ہوگی۔لاہور میں میچ ریفریز ورکشاپ کا انتظام احسن رضا، بلال قریشی اور آئی سی سی انٹرنیشنل پینل کے میچ ریفری محمد انیس کریں گے۔ملک بھر میں ہونے والی ورکشاپس کا شیڈول مندرجہ ذیل ہے جس کے مطابق 25 سے 27 اگست قذافی اسٹیڈیم میں امپائرز ورکشاپ،29 سے 31 اگست راولپنڈی کے مقامی ہوٹل میں امپائرز ورکشاپ ،3 سے 5 ستمبرنیشنل اسٹیڈیم کراچی میں امپائرز ورکشاپ ،6 سے 8 ستمبرقذافی اسٹیڈیم میں میچ ریفریز ورکشاپ ہو گی۔

error: Content is protected !!