
پاکستان فٹبال تیزی سے ترقی کی جانب گامزن ہے، پی ایف ایف صدر محسن گیلانی
لاہور ; پی ایف ایف کے صدر محسن گیلانی نے پاکستان فٹبال کی ٹریک پر واپسی کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھانے کا اعلان کر دیا، کھیل کی بحالی اور ترقی کیلئے اپنی حکمت عملی واضح کر دی۔
فٹبال ہاؤس لاہور میں نائب صدر حافظ ذکا اللہ اور ایگزیکٹو کمیٹی کے پنجاب سے ممبر راجہ عامر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے بلند عزائم کا اظہار کیا۔
محسن گیلانی نے بتایا کہ حال ہی میں ہونے والی ملاقات میں فیفا کے صدر جیانی انفانتینو نے پی ایف ایف کا انتخابی عمل خوش اسلوبی سے طے پا جانے پر اطمینان کا اظہار کیا۔
پی ایف ایف کے صدر نے کہا کہ نئی قیادت پاکستان فٹبال کی بہتری کیلئے ہر ممکن قدم اٹھانے کو تیار ہے،جمود اور غیر یقینی کا دور ختم ہو چکا اب تیزی سے ترقی کی منزلیں طے کرنے کا وقت آچکا ہے،
فیفا ڈویلپمنٹ پروگرامز کی بحالی اولین ترجیح ہوگی، فیفا ایرینا پروگرام کیلئے معاہدے پر دستخط پہلے ہی کئے جا چکے ہیں، اس پروگرام کے تحت جدید منی پچز تیار کی جائیں گی، پاکستان بھر کے سکولوں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی
کہ وہ ان سہولیات سے فائدہ اٹھائیں دوسرا بڑا پروگرام فٹبال فار سکول متعارف کرایا جائے گا،اس ملک گیر پروگرام کیلئے حکومت سے رابطے میں ہیں، ٹریننگ انفراسٹرکچر اور ٹیکنیکل سپورٹ کیلئے لالیگا سے بات چیت بھی جاری ہے۔
سوالوں کے جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سردست ماضی کے گول پراجیکٹس کا کوئی ریکارڈ دستیاب نہیں ہے، بین کئے جانے والے فٹبال آفیشلز کے مستقبل کا فیصلہ ڈسپلن کمیٹی کرے گی جس میں کسی قسم کی مداخلت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ پروفیشنل لیگ متعارف کرانے کیلئے کام کیا جا رہا ہے، اس کا انعقاد جلد سے جلد ممکن بنانے کیلئے کوشش کریں گے، ویمن فٹبال کی ترقی پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے،
خواتین فٹبالرز کی کارکردگی اچھی ہے ویمن فٹبال کے امور کی دیکھ بھال کیلئےخصوصی ڈیپارٹمنٹ بنانے کی پلاننگ کر رہے ہیں، فیفا نے ویمن فٹبال کی ترقی کیلئے کوچنگ اور تکنیکی شعبے میں معاونت کی یقین دہانی کرائی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم پر اعتماد ہیں کہ پاکستان فٹبال کو پیشہ ورانہ بنیادوں پر استوار کرتے ہوئح مالی طور پر ایک مضبوط ادارے کے انداز میں چلایا جا سکتا ہے،
بہتر حکمت عملی اور کمرشل بنیادوں پر درست فیصلوں کے ساتھ ریونیو حاصل کرنے کی پلاننگ کر رہے ہیں۔محسن گیلانی نے بتایا کہ حکومت کے ساتھ روابط خوشگوار ہیں،
فیفا کے صدر جیانی انفانتینو اور اے ایف سی کے صدر شیخ سلمان بن ابراہیم الخلیفہ پاکستان آئے تو ان کی اعلی حکام سے ملاقات متوقع ہے جن سے باہمی روابط میں اعتماد کی فضا مزید بہتر ہوگی۔


