
ویرات کوہلی کا12 سالہ پرانا ریکارڈ خاتون کھلاڑی "سمرتی مندھانا” کے ہاتھوں پاش پاش
بھارتی خاتون بلے باز سمرتی مندھانا نے ہفتے کے روز نئی دہلی کے ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز کے آخری میچ میں شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے محض 50 گیندوں پر سنچری بنا کر بھارتی کرکٹ کی تاریخ میں نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔
مندھانا نے یہ کارنامہ انجام دے کر ویرات کوہلی کا 12 سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا جنہوں نے 2013 میں جے پور میں آسٹریلیا کے خلاف 52 گیندوں پر سنچری بنائی تھی۔
یہ نہ صرف بھارت کی تیز ترین ون ڈے سنچری ہے بلکہ خواتین ون ڈے کرکٹ میں مجموعی طور پر دوسری تیز ترین سنچری بھی ہے۔ اس سے قبل آسٹریلیا کی میگ لیننگ نے 2012 میں نیوزی لینڈ کے خلاف 45 گیندوں پر سنچری بنائی تھی۔
آسٹریلیا کے 413 رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں مندھانا نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے بیَتھ مونی کی شاندار سنچری کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔
مونی نے 57 گیندوں پر سنچری بنائی تھی اور وہ کرن رولٹن کے ہمراہ دوسری تیز ترین سنچری کا ریکارڈ رکھتی تھیں مگر یہ اعزاز کچھ ہی گھنٹوں بعد مندھانا کے نام ہو گیا۔
یہ مندھانا کی اس کیلنڈر ایئر میں چوتھی اور کیریئر میں دوسری مرتبہ لگاتار 2 سنچریاں ہیں جو بھارت کی کسی اور کھلاڑی کے حصے میں اب تک دو بار نہیں آیا۔
اب وہ 13 ون ڈے سنچریوں کے ساتھ نیوزی لینڈ کی سوزی بیٹس کے برابر دوسرے نمبر پر ہیں جبکہ میگ لیننگ کی 15 سنچریاں اب بھی سب سے زیادہ ہیں۔
اس سے قبل دوسرے میچ میں مندھانا نے 117 رنز بنا کر بھارت کو 102 رنز سے فتح دلائی تھی۔



