
ٹینس اسٹار اعصام الحق انٹرنیشنل ٹینس سرکٹ سے ریٹائرڈ ہوگئے
پاکستان کے مشہور ٹینس کھلاڑی اعصام الحق نے بین الاقوامی ٹینس سرکٹ سے بھی ریٹائرمنٹ اختیار کر لی۔
اسلام آباد میں ہونے والے اے ٹی پی چیلنجرز کپ کے تاریخی ایڈیشن کے ڈبلز فائنل میں پاکستان کی جوڑی اعصام الحق اور مزمل مرتضیٰ بھرپور مقابلے کے باوجود ٹائٹل اپنے نام نہ کر سکی۔ شاندار ٹورنامنٹ کھیلنے کے باوجود اعصام الحق اپنے آخری انٹرنیشنل ایونٹ کو یادگار فتح میں نہ بدل سکے۔
پی ٹی ایف ٹینس کمپلیکس میں کھیلے گئے فیصلہ کن معرکے میں چیک ریپبلک کے ڈومینک پلان اور قازقستان کے ڈینس ایوسیو نے تکنیکی برتری اور مضبوط اعصاب کا مظاہرہ کرتے ہوئے میچ 7-6 اور 6-4 سے جیت لیا۔
ٹورنامنٹ کے ساتھ ہی پاکستان کے صفِ اول کے ٹینس اسٹار اعصام الحق نے انٹرنیشنل سرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔ گراؤنڈ میں موجود شائقین نے ان کے شاندار کیریئر کو دل کھول کر سراہا۔
اعصام الحق نے اپنے بیان میں کہا کہ انہیں فخر ہے کہ وہ دنیا بھر میں پاکستان کا پرچم بلند کرتے رہے، کرکٹ کے دیوانے ملک میں ٹینس کا نام بنانا ہمیشہ ایک چیلنج رہا، مگر عوام کی سپورٹ نے ہر مرحلے میں ہمت دی۔
انہوں نے بتایا کہ ان کی یادگار ترین کامیابیوں میں یو ایس اوپن کا فائنل کھیلنا اور راجر فیڈرر کو شکست دینا شامل ہے، سب لوگوں کی سپورٹ پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔
انہوں نے واضح کیا کہ وہ بین الاقوامی سرکٹ سے ریٹائر ضرور ہو رہے ہیں، لیکن پاکستان میں ٹینس کے فروغ کے لیے سرگرم رہیں گے۔
اعصام الحق نے یہ بھی بتایا کہ وہ آئندہ ہونے والا ڈیوس کپ کھیلیں گے اور نوجوان ٹینس کھلاڑیوں کی سرپرستی کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔



