
ویسٹ انڈیز کے بیٹرز کی شاندار بیٹنگ، کیویز کی فتح ڈرا میں بدل گئی
کرائسٹ چرچ: نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان کرائسٹ چرچ میں کھیلا گیا پہلا ٹیسٹ میچ ڈرا ہو گیا۔
نیوزی لینڈ نے ویسٹ انڈیز کو جیت کے لیے 531 رنز کا ہدف دیا تھا، مگر ویسٹ انڈیز کے بیٹرز کی غیر معمولی بیٹنگ نے میچ کو ڈرا پر ختم کر دیا۔
ویسٹ انڈیز نے چوتھی اننگز میں 163.3 اوورز کھیل کر 6 وکٹوں کے نقصان پر 457 رنز بنائے۔
جسٹن گریوز نے 388 گیندوں پر 202 رنز ناٹ آوٹ بنائے، جبکہ کیمار روچ نے 233 گیندوں میں 58 رنز ناٹ آوٹ بنائے، اور دونوں کے درمیان ساتویں نمبر پر 180 رنز کی اہم شراکت قائم ہوئی۔
شائے ہوپ نے بھی 140 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جس سے ویسٹ انڈیز نے جیت کے قریب پہنچنے کے بعد میچ ڈرا کرایا۔
نیوزی لینڈ نے پہلی اننگز میں 231 رنز بنائے اور دوسری اننگز 466 رنز 8 کھلاڑی آوٹ پر ڈیکلئیر کی، جبکہ ویسٹ انڈیز پہلی اننگز میں 167 رنز پر آوٹ ہوئی۔
میچ میں شاندار کارکردگی کے باعث جسٹن گریوز کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔



