لاہور میں ایشیئن امریکن اسپورٹس کلب کا باقاعدہ آغاز
پاکستانی نوجوانوں کیلئے عالمی تربیت اور اسکالرشپ پروگرام کا اعلان

لاہور میں ایشیئن امریکن اسپورٹس کلب کا باقاعدہ آغاز،
پاکستانی نوجوانوں کیلئے عالمی تربیت اور اسکالرشپ پروگرام کا اعلان
لاہور: اوورسیز پاکستانیوں کے زیرِ انتظام معروف ادارے ایشیئن امریکن اسپورٹس کلب نے پاکستان میں اپنی سرگرمیوں کا باقاعدہ آغاز کرتے ہوئے لاہور چیپٹر کا افتتاح کردیا ہے، جہاں ملک کے باصلاحیت اور مستحق کھلاڑیوں کو عالمی معیار کی ٹریننگ، اسکالرشپس اور بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔
نیویارک سے خصوصی طور پر آئے چیئرمین سڈ صدیقی، صدر عامر رسول اور اربن ڈیویلپرز کے میان عثمان نے میڈیا بریفنگ میں کلب کا جامع منصوبہ پیش کیا۔ سد صدیقی نے بتایا کہ تنظیم چین، بھارت، یو اے ای، بنگلادیش اور دیگر ایشیائی ممالک میں اداروں سے الحاق کر رہی ہے تاکہ اسپورٹس، تعلیم، صحت اور نوجوانوں کی ترقی کے شعبوں میں مؤثر کردار ادا کیا جا سکے۔
سڈ صدیقی نے کہا: "ہمارا مشن یہ ہے کہ ہم پاکستان کے مستحق اور باصلاحیت کھلاڑیوں کی نشاندہی کریں، انہیں پیشہ ورانہ تربیت دیں، تعلیمی مدد فراہم کریں اور عالمی سطح کے مقابلوں کیلئے تیار کریں۔” انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ میں مقیم پاکستانی اس پلیٹ فارم کے ذریعے وطن کیلئے عملی خدمات انجام دینا چاہتے ہیں۔
میڈیا بریفنگ میں اعلان کیا گیا کہ سینٹرل پارک لاہور AASC کا پاکستان میں پہلا باضابطہ الحاق شدہ ادارہ بن گیا ہے، جو اپنے جدید ترین اسپورٹس انفراسٹرکچر کے ذریعے ٹریننگ کیمپس، ایتھلیٹ ڈیولپمنٹ پروگرامز اور مستقبل کے بین الاقوامی ایونٹس کی میزبانی کرے گا۔
اربن ڈیویلپرز اور سینٹرل پارک کے ایم ڈی اور AASC پاکستان چیپٹر کے صدر میان عثمان نے کہا: "سینٹرل پارک میں 17 جدید اسپورٹس سہولیات فعال ہو چکی ہیں۔ وژن 2030 کے تحت ہم اسے پاکستان کی اولین اسپورٹس سٹی میں تبدیل کریں گے۔ AASC کے ساتھ مل کر ہم نوجوان ستاروں کو تراشیں گے،
انہیں اسپانسر کریں گے اور بیرون ملک ٹریننگ کے مواقع بھی فراہم کریں گے۔” اے اے ایس سی کلب ٹینس، کرکٹ، اسنوکر، بیڈمنٹن، آرم ریسلنگ، کبڈی، پیڈل ٹینس اور پکل بال سمیت کئی کھیلوں میں کھلاڑیوں کی تربیت اور ترقی پر کام کرے گا۔
اے اے ایس سی کے صدر عامر رسول نے کہا: "ہم نے کئی ایشیائی ممالک کو شامل کیا ہے تاکہ پورے خطے میں کھیلوں کو فروغ دیا جا سکے۔ ہماری ترجیح بہترین ٹیلنٹ کو تلاش کرکے انہیں مکمل طور پر تیار کرنا ہے۔”
ایشیئن امریکن اسپورٹس کلب پاکستان اور ٹینس چیپٹر کیلئے قیادت کا بھی اعلان کیا گیا، جن میں عثمان انور (صدر)، سانیہ نعیم اور موسیٰ ہارون (نائب صدور)، جبکہ ٹینس چیپٹر میں عمران احمد صدیقی (صدر) اور خالد صدیق (نائب صدر) شامل ہیں۔
آرم ریسلنگ ڈویژن کے نائب صدر فصیل خان نے بتایا کہ ان کے حالیہ ایونٹس میں 4000 سے زائد ایتھلیٹس نے حصہ لیا، اور وژن 2026 کے تحت "فخرِ پاکستان اوپن چیلنج” سینٹرل پارک میں منعقد کیا جائے گا، جس سے قبل خصوصی کیمپ بھی لگایا جائے گا۔
اے اے ایس سی اگلے سال بین الاقوامی ٹینس اور ملٹی اسپورٹ ایونٹس کی میزبانی، طویل المدتی تربیتی کیمپس اور اسکالرشپ پروگرامز کا آغاز کرے گا۔ اوورسیز پاکستانیوں کے تعاون، سینٹرل پارک کے عالمی معیار کے انفراسٹرکچر اور وژن 2030 کے تحت لاہور اب جنوبی ایشیا کا ایک اہم اسپورٹس ہب بننے کی صلاحیت رکھتا ہے۔



