
ملتان سلطانز کی فروخت کا فیصلہ، پی سی بی جلد اوپن آکشن کا اشتہار جاری کرے گا
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز ملتان سلطانز کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت سامنے آ گئی ہے، جہاں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے فرنچائز کو فوری طور پر فروخت کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق دو نئی پی ایس ایل ٹیموں کی کامیاب اور ریکارڈ بولی کے بعد پی سی بی حکام نے ملتان سلطانز کی نیلامی کا عمل شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں آکشن کے لیے اشتہار کا پیپر ورک مکمل کیا جا رہا ہے،
جبکہ باضابطہ اشتہار جلد جاری کیے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی کو ملتان سلطانز کی فروخت سے خطیر رقم حاصل ہونے کی امید ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل پی سی بی نے اعلان کیا تھا کہ موجودہ سیزن کے دوران ٹیم ایک سال کے لیے خود چلائی جائے گی، تاہم غیر ملکی سرمایہ کاروں کی بڑھتی ہوئی دلچسپی اور دیگر فرنچائزز کی کامیاب فروخت کے بعد حکمتِ عملی میں تبدیلی کی گئی ہے۔
اسلام آباد میں حیدرآباد اور سیالکوٹ ٹیموں کی بولی کی طرز پر ملتان سلطانز کو بھی پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی (پیپرا) رولز کے تحت اوپن بولی کے ذریعے فروخت کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق ملتان سلطانز کے سابق مالک علی ترین بھی اشتہار میں دی گئی شرائط پوری کرنے کی صورت میں اوپن بولی میں حصہ لینے کے اہل ہوں گے۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ پی ایس ایل سیزن 11 میں ملتان سلطانز نئی ملکیت کے ساتھ میدان میں اترے گی۔
یاد رہے کہ پی سی بی نے حالیہ آکشن میں پی ایس ایل کی دو نئی ٹیمیں فروخت کی ہیں، اور پی ایس ایل 11 میں 8 ٹیمیں شامل ہوں گی جن میں حیدر آباد اور سیالکوٹ بھی شامل ہیں۔



